Time 03 نومبر ، 2023
دنیا

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گزشتہ مہینہ انسانی تاریخ کا گرم ترین اکتوبر قرار

یہ بات ایک رپورٹ میں سامنے آئی / رائٹرز فوٹو
یہ بات ایک رپورٹ میں سامنے آئی / رائٹرز فوٹو

موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات مسلسل سامنے آ رہے ہیں اور اب سائنسدانوں نے گزشتہ مہینے کو انسانی تاریخ کا گرم ترین اکتوبر قرار دیا ہے۔

یہ مسلسل 5 واں مہینہ ہے جو انسانی تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار دیا گیا ہے۔

اس سے قبل جون، جولائی، اگست اور ستمبر بھی گرم ترین مہینے قرار دیے گئے تھے، خاص طور پر جولائی کو انسانی تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار دیا گیا۔

Leipzig University کے سائنسدان Karsten Haustein نے یو ایس نیشنل سینٹرز فار انوائرمنل پریڈیکشن کا ڈیٹا کا استعمال کرکے بتایا کہ اکتوبر میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2023 کے دوران اوسط عالمی درجہ حرارت 15.37 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو اکتوبر 2019 میں قائم ہونے والے ریکارڈ سے 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔

سائنسدان نے بتایا کہ اکتوبر کے دوران دنیا کے مختلف حصوں میں گرم موسم کے اثرات دیکھنے میں آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے بڑھنے والے درجہ حرارت پر ایل نینو نے بھی اثرات مرتب کیے۔

واضح رہے کہ ایل نینو ایک ایسا موسمیاتی رجحان ہے جس کے نتیجے میں بحرالکاہل کے پانی کا بڑا حصہ معمول سے کہیں زیادہ گرم ہوجاتا ہے اور زمین کے مجموعی درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

مزید خبریں :