Time 05 نومبر ، 2023
دنیا

عالمی مطالبات کے باوجود غزہ میں جنگ بندی نہیں ہوگی: نیتن یاہوکی ہٹ دھرمی برقرار

اپنےدوستوں، دشمنوں دونوں کو بتا رہےہیں، انہیں شکست دینے تک جنگ جاری رکھیں گے: اسرائیلی وزیراعظم کا اعلان— فوٹو: اسرائیلی میڈیا
اپنےدوستوں، دشمنوں دونوں کو بتا رہےہیں، انہیں شکست دینے تک جنگ جاری رکھیں گے: اسرائیلی وزیراعظم کا اعلان— فوٹو: اسرائیلی میڈیا

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے عالمی برادری کے مطالبات کے باوجود غزہ میں جنگ بندی سے انکار کردیا۔

غزہ میں مغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیلی فوج کے حملے 30 ویں روز بھی جاری ہیں، غزہ میں اسرائیلی بمباری سے فلسطینی شہدا کی تعداد 9 ہزار 770 ہوگئی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کے شہدا میں 4 ہزار 800 بچے شامل ہیں، اسرائیلی بمباری سے غزہ میں 26 ہزار فلسطینی زخمی ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیاں 7 اکتوبر سے مسلسل جاری ہیں، مقبوضہ مغربی کنارے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 152 ہوگئی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں زخمی فلسطینیوں کی تعداد 2100 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ 

اسرائیلی پائلٹوں سے خطاب میں نیتن یاہو کا کہنا تھاکہ بین الاقوامی مطالبات کے باوجود غزہ میں جنگ بندی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ بندی نہیں ہوگی، اپنے دوستوں، دشمنوں دونوں کو بتا رہےہیں، انہیں شکست دینے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

پوپ فرانسس کی بھی ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کی اپیل

دوسری جانب عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے غزہ میں ایک بار پھر جنگ بندی کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ خدا کے نام پر جنگ بندی کی درخواست کرتا ہوں ، غزہ میں انسانی صورتِ حال انتہائی سنگین ہے، بچوں کے بارےمیں سوچا جائے، جنگ کے شکار بچوں کا مستقبل ختم کیا جارہا ہے، امید ہے تنازع پھیلنے سے بچانے کے لیے کام کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز عمان میں عرب وزرائے خارجہ کے ہمر اہ پریس کانفرنس میں انٹونی بلنکن نے کہا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی سے حماس دوبارہ منظم ہوگی۔

واضح رہے کہ غزہ میں آپریشن کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہوگیا اور زمینی آپریشن میں اب تک 29 فوجی افسر و اہلکار مارے گئے ہیں جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک مارے جانے والے اسرائیلیوں فوجیوں کی تعداد  345 ہوگئی۔

مزید خبریں :