06 نومبر ، 2023
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کی 9 مئی کے واقعات میں ضمانت منظور کرلی۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی جس سلسلے میں سابق وزیر داخلہ اپنے وکیل سردارعبدالرازق خان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق خان نے کہا کہ شیخ رشید کا 9 مئی کے واقعات سے کوئی تعلق نہیں، ان کے متعلق 9 مئی کے واقعات کےکوئی شواہد موجود نہیں۔
عدالت نے تھانہ وارث خان میں درج مقدمے میں شیخ رشید کی ضمانت منظور کی اور سابق وزیر داخلہ کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
جج ملک اعجاز آصف نے سوال کیا کہ شیخ صاحب آپ کمزور نظرآرہے ہیں، آپ کی صحت ٹھیک ہے؟ اس پر شیخ رشید نے کہا کہ 40 دن کے چلے کے دوران 31 کلو وزن کم ہوا۔
علاوہ ازیں عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی ضمانت بھی 8 نومبر تک منظور کرلی۔