07 نومبر ، 2023
پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیا اور کمیونیکیشن ڈائیریکٹر عالیہ رشید کا کہنا ہے کہ ابھی تک چیف سلیکٹر انضمام الحق کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا۔
جیو نیوز کے پروگرام 'جیو پاکستان' میں گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کی میڈیا ڈائریکٹر نے کہا کہ ان کو خود بھی بھارتی حکومت نے ویزہ نہیں دیا، اس میں نا پی سی بی کچھ کرسکتا تھا نہ ہی آئی سی سی کیونکہ یہ معاملہ مکمل طور پر بھارتی حکومت کے ہاتھ میں تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ مستقبل میں آئی سی سی کے ساتھ معاملہ اٹھائے گا۔
عالیہ رشید نے کہا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے استعفی کیوں دیا؟ ورلڈکپ کےموقع پرکسی بورڈ کوشوق نہیں ہوتا کہ کسی تنازع میں پڑے، انضمام الحق کو فوری طورپر استعفی دینےکی ضرورت نہیں تھی،ان کا استعفیٰ ابھی منظور نہیں ہوا۔
ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی نے مزید کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی گئی ہے جو اس معاملے کو دیکھ رہی ہے، میں اس سے علیحدہ ہوگئی ہوں۔
عالیہ رشید کا کہنا تھا کہ انضمام الحق نے ایک انٹرویو میں کہا ہے ان کا کمپنی سے تعلق تھا، طلحہٰ، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور انضمام الحق سمیت چار افراد متعلقہ کمپنی کے پارٹنرتھے، کمیٹی کی جانب سے انضمام الحق کوبلایا جائے گا، رضوان کا کوئی قصورنہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انضمام الحق کی اسٹوری میڈیا نے اٹھائی جس کا کریڈٹ میڈیا کوجاتا ہے۔