12 نومبر ، 2023
پاکستان کی نامور اداکارہ، میزبان اور گلوکارہ فضا علی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق شوہر فواد فاروق طلاق نامے پر دستخط کرتے ہوئے میز پر بے ہوش ہوکر گر پڑے تھے جس کے بعد انہیں اسپتال بھی لے جایا گیا تھا۔
کچھ روز قبل اداکارہ فضا علی نے نجی ٹی وی کے ایک مارننگ شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے سابق شوہر سے ازدواجی تعلق ختم ہونے سے متعلق گفتگو کی۔
اداکارہ نے کہا 'فواد کو طلاق کے لیے دباؤ میں ڈالا گیا، میری فیملی نے اس سے کہا کہ طلاق کے معاملات دیکھنے کے لیے تم عدالت چلے جاؤ کیونکہ فضا مشہور ہے، کچہریوں اور وکیلوں کے پاس جانا مناسب نہیں لگتا تو آپ جائیں اور وکیل کے پاس جاکر کاغذات پر دستخط کر دیں'۔
بات جاری رکھتے ہوئے فضا علی نے کہا 'جس دن فواد عدالت گیا وہ دستخط کرتے ہوئے میز پر بے ہوش ہوگیا تھا، اس کو میرا بھائی وہاں سے پہلے اسپتال لے کر گیا'۔
اداکارہ نے طلاق کی وجوہات پر بات کرتے ہوئے کہا 'میری فیملی کے فواد اور اس کے خاندان سے کچھ مسائل تھے، مجھے اس گھر (سسرال) میں وہ سکون حاصل نہیں ہو سکا تھا جو ملنا چاہیے تھا، فواد بہت کیئرنگ انسان تھا لیکن اس میں شوہر کی جانب سے نبھائی جانے والی چیزیں نہیں تھیں'۔
فضا کا مزید کہنا تھا 'فواد کو پڑھی لکھی، اسٹائلش لڑکی چاہیے تھی، میں بی اے پاس تھی، میں اس کی بہت اچھی دوست تھی، مجھے یہ چیز بہت تکلیف دیتی تھی کہ میں اس کے لیے تیار ہوں لیکن مجھے وہ نہیں ملتا جو مجھے چاہیے، اس نے کبھی نہیں کہا آؤ فضا ڈرائیو پر چلیں، کھانے یا شاپنگ پر چلتے ہیں'۔
واضح رہے کہ فضا علی نے 2007 میں فواد فاروق سے شادی کی تھی بعدازاں ان کی طلاق ہوگئی، دونوں کی ایک بیٹی فرال بھی ہے۔