Time 14 نومبر ، 2023
پاکستان

یو اے ای کے سفیر نے آئی ایم ایف کو پاکستان کے بیرونی فنانسنگ گیپ پر یقین دہانی کرادی

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان کو درپیش ساڑھے 6 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ پر آئی ایم ایف کو  یقین دہانی کرادی۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کے اہم مرحلے پاکستان کو درپیش ساڑھے 6 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ کے معاملے پر آئی ایم ایف مشن چیف  نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق  یواے ای کے سفیر اور  آئی ایم ایف مشن چیف کی ملاقات کے دوران  پاکستان کیلئے بیرونی فنانسنگ گیپ پورا کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  

ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے سفیر نے آئی ایم ایف مشن چیف کو پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن پاکستان کی بیرونی فنانسنگ کیلئے تصدیق کررہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات جاری ہیں، آئی ایم ایف پاکستان کیلئے 9 ہزار 415 ارب کا سالانہ ٹیکس ہدف برقرار رکھنے پر رضامند ہوگیا ہے جس کے بعد منی بجٹ نہیں آئے گا۔

ذرائع ایف بی آر نے بتایاکہ نگران حکومت کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائے گی، آئی ایم ایف کو آگاہ کر دیا گیا۔

پاکستان کو 6.5 ارب ڈالر کے بڑے بیرونی فنانسنگ گیپ کا سامنا

ذرائع کے مطابق پاکستان کو 6.5 ارب ڈالر کے بڑے بیرونی فنانسنگ گیپ کا سامنا ہے جس کے باعث نگران حکومت نے سعودی عرب اوریواےای سمیت دوست ممالک سے پھر رجوع کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلامی ترقیاتی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اورعالمی بینک سے بھی مدد لی جائے گی جب کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کے ذریعے مالی گیپ کم ہونے کا امکان ہے۔


مزید خبریں :