Time 14 نومبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

رابعہ انعم جب براہ راست شو چھوڑ کر گئیں تو انہیں کبھی مدعو نہیں کیا: ندا یاسر

اگر وہ براہ براست پروگرام میں شو چھوڑ کر جا سکتی تھیں تو وہ کیمرے کے پیچھے بھی یہ کام کرسکتی تھیں: میزبان کی پروگرام میں گفتگو/ اسکرین گریب
اگر وہ براہ براست پروگرام میں شو چھوڑ کر جا سکتی تھیں تو وہ کیمرے کے پیچھے بھی یہ کام کرسکتی تھیں: میزبان کی پروگرام میں گفتگو/ اسکرین گریب

پاکستانی کی معروف میزبان ندا یاسر کا کہنا ہے کہ رابعہ انعم کو ان کا براہ راست شو چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے تھا، اس سے انہیں ذلت محسوس ہوئی۔

سابقہ نیوز اینکر اور میزبان رابعہ انعم 8 نومبر 2022 کو ندا یاسر کے مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئی تھیں جس میں ان کے ساتھ اداکار محسن عباس حیدر اور اداکارہ فضا علی کو مدعو کیا گیا۔

پروگرام کے آن ائیر ہونے کے کچھ دیر بعد رابعہ نے ندا سے معذرت کرتے ہوئے پروگرام چھوڑ کر جانے کی اجازت مانگی اور ساتھ ہی واضح کیا کہ ان کا مقصد چینل، پروگرام کے پروڈیوسر اور میزبان کی بے عزتی کرنا یا دل دکھانا نہیں ہے۔

رابعہ کی یہ ویڈیو کئی روز تک سوشل میڈیا کی زینت بنی رہی، رابعہ انعم نے کہا تھا کہ وہ خواتین پر تشدد کے خلاف ہیں اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ پروگرام کے دیگر مہمان کون ہیں، ان کا اشارہ محسن عباس حیدر کی جانب تھا۔

ندا یاسر کا ردعمل:

اب ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں ندا یاسر نے اس حوالے سے بات کی اور بتایا کہ یہ عمل کسی منصوبہ بندی کے تحت نہیں کیا گیا تھا، رابعہ نے بغیر کسی کو بتائے یہ قدم اٹھایا۔

ندا یاسر نے کہا 'یہ سب پہلے سے پلان نہیں تھا، دراصل رابعہ کو معلوم نہیں تھا کہ مارننگ شو میں دوسرا مہمان کون ہے، انہیں صبح میک اپ روم میں معلوم ہوا کہ اداکار محسن عباس حیدر بھی شو میں مدعو ہیں، وہ چاہتیں تو اسی وقت چلی جاتیں لیکن انہوں نے کیمرے کے سامنے یہ کیا‘۔

میزبان ندا یاسر نے کہا 'رابعہ نے محسن کے حوالے سے میری ٹیم سے بات کی لیکن مجھ سے نہیں کی، میں اندر سیٹ پر بیٹھی تھی، وہ مجھ سے بات کرتیں تو میں انہیں اسی وقت جانے کا کہہ دیتی'۔

ندا یاسر نے کہا کہ 'اگر وہ براہ براست پروگرام میں شو چھوڑ کر جا سکتی تھیں تو وہ کیمرے کے پیچھے بھی یہ کام کرسکتی تھیں، میں شو کی میزبان ہوں اور میرا کام سب کو عزت دینا ہے، کوئی فرشتہ نہیں ہوتا، ہمیں نہیں معلوم کہ لوگ اپنے گھروں میں کیا کر رہے ہیں، میں آرٹ کی قدر کرنے کے لیے آرٹسٹ کو عزت دیتی ہوں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ’اگر انہیں محسن عباس کے ساتھ نہیں بیٹھنا تھا تو وہ کیمرے کے پیچھے یہ کام کرسکتی تھیں، براہ راست شو میں ایسا قدم اٹھا کر انہوں نے مجھے ذلیل کردیا، اس دن کے بعد سے میں نے کبھی انہیں اپنے شو میں مدعو نہیں کیا‘۔

مزید خبریں :