Time 24 جولائی ، 2019
انٹرٹینمنٹ

اہلیہ تشدد کیس: عدالت نے اداکار محسن عباس کی گرفتاری روک دی


لاہور: سیشن کورٹ نے اہلیہ پر تشدد کے کیس میں اداکار محسن عباس کی گرفتاری روک دی۔

سیشن کورٹ لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نے محسن عباس کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران محسن عباس کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اداکار شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں مگر گرفتاری کا خدشہ ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محسن کی اہلیہ فاطمہ سہیل کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس سی نے مقدمہ درج کیا ہے، مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکیاں اور امانت میں خیانت کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

محسن عباس کے وکیل نے عدالت سے اپنے مؤکل کی ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے 50،50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض محسن عباس حیدر کی ضمانت منظور کرلی۔

 عدالت نے تھانہ ڈیفنس پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے پولیس کو محسن عباس کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز محسن عباس حیدر کے خلاف اہلیہ فاطمہ سہیل پر تشدد کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس  میں درج کیا گیا تھا۔

محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے شوہر پر بے وفائی اور تشدد کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے جواب میں اداکار نے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔


مزید خبریں :