16 نومبر ، 2023
اسرائیلی حملوں کے 40 روز بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں انسانی بنیاد پر جنگ میں وقفے کا مطالبہ کردیا۔
سلامتی کونسل میں مالٹا کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے حق میں 12 ووٹ آئے جب کہ امریکا، برطانیہ اور روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد میں حماس کی قید میں موجود یرغمالیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
قرارداد میں غزہ میں کافی دنوں کے لیے فوری اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفوں اور راہداریوں کا مطالبہ کیا گیا تاکہ محصور علاقے میں شہریوں تک امداد پہنچائی جا سکے۔
اس موقع پر اقوام متحدہ میں مالٹا کی ممبر وینیسا فریزیئر نے کہا کہ سکیورٹی کونسل کے اراکین عام شہریوں کی زندگیاں بچانے کے لیے پُرامید ہیں۔
اقوام متحدہ میں چین کے سفیر نے کہا کہ ہم سب گزشتہ 40 دنوں میں کونسل کے غیر فعال ہونے سے مایوس ہیں۔
الشفا اسپتال کے ڈاکٹرز کا مریضوں کو چھوڑ کر جانے سے انکار
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کئی دن کے محاصرے کے بعد غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال پر دھاوا بول دیا جہاں ڈاکٹروں نے مریضوں کو چھوڑ کر اسپتال سے نکلنے سے انکار کردیا۔
اسرائیل نے بلڈوزر کے ذریعےالشفا اسپتال کےجنوبی داخلی راستے کے کچھ حصوں کو تباہ کردیا۔
قطر نے غزہ میں اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کی بین الاقوامی تحقیقات پر زور دیا ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال سےا سلحہ ملنے کا دعویٰ کیا جسے ، ڈاکٹروں اور حماس نے جھوٹا قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید افراد کی تعداد 11 ہزار 500 ہوگئی جب کہ 30 ہزار کے قریب افراد زخمی ہیں۔