16 نومبر ، 2023
پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم نے بابر اعظم کی جانب سے کرکٹ کے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہونے کے فیصلے کو درست قرار دیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام 'ہارنا منع ہے' میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ بابراعظم کا کپتانی چھوڑنا اچھا فیصلہ ہے، اس سے بابر پر سے بوجھ ہٹے گا کیونکہ کپتانی کا بوجھ ہوتا ہے اور اب وہ اپنی پرفارمنس پر فوکس کرے گا۔
سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہاکہ بابراعظم ہمارے نمبر ون کھلاڑی ہیں، ان کو ٹیم میں ہونا چاہیے جیسے کوہلی ہے، مجھے امید ہے نئے کپتانوں کے سر پر کپتانی نہیں چڑھے گی۔
انہوں نے کوچنگ اسٹاف سے متعلق کہا کہ ہمیں غیر ملکی کوچ نہیں رکھنے چاہئیں۔
فاسٹ بولر محمد عامر بولے کہ بابر جیسا کھلاڑی ہے اُسے ثابت کرنے کی ضرورت نہیں، وہ اس چیز کو چیلنج لے۔
محمد عامر نے کہا کہ شان مسعود اچھا کپتان ثابت ہوسکتا ہے، شان مسعودکا ڈومیسٹک سیزن اچھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے جس کے بعد پی سی بی نے نئےکپتانوں کا تقرر کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے بابر کو صرف ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنےکی پیشکش کی گئی تھی تاہم بابر نے انکار کرتے ہوئے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈنے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان اور شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔