Time 16 نومبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ چینلز استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 50 کروڑ سے متجاوز

مارک زکربرگ کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ واٹس ایپ
مارک زکربرگ کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ واٹس ایپ

واٹس ایپ نے چینلز نامی فیچر جون 2023 میں متعارف کرایا تھا جو آغاز میں چند ممالک تک محدود رکھا گیا تھا مگر ستمبر میں اسے پاکستان سمیت دنیا بھر میں صارفین کے لیے پیش کر دیا گیا۔

صارفین اپنے پسند کی شخصیات، اسپورٹس اور دیگر موضوعات کی اپ ڈیٹس کو چینلز کے ذریعے جان سکتے ہیں۔

چینلز کے ذریعے ٹیکسٹ، فوٹو، ویڈیو، اسٹیکر اور پول وغیرہ کو بڑے پیمانے پر لوگوں سے شیئر کیا جاتا ہے۔

میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کے مطابق محض 7 ہفتوں میں واٹس ایپ چینلز استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 50 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔

انہوں نے یہ اعلان اس وقت کیا جب چینلز کے لیے ایک نیا فیچر اسٹیکرز کی شکل میں متعارف کرایا گیا۔

اسٹیکرز کا فیچر چینلز چلانے والے ایڈمن ہی استعمال کر سکتے ہیں تاکہ ان کا چینل زیادہ بہتر نظر آئے۔

خیال رہے کہ آپ بھی اپنا واٹس ایپ چینل تیار کرسکتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے فون میں واٹس ایپ اوپن کریں اور اپ ڈیٹس ٹیب پر کلک کریں۔

وہاں نیچے چینلز سیکشن میں پلس آئیکون پر کلک کریں گے تو وہاں Create Channel کا آپشن نظر آئے گا۔

اس آپشن پر کلک کرنے پر آپ کے سامنے چینلز فیچر سے متعلق ہدایات اور اصول آجائیں گے جن کو پڑھ کر Continue پر کلک کریں۔

اس کے بعد چینل آئیکون کا انتخاب کریں جبکہ اس کے نام اور ڈسپکرپشن کو بھی تحریر کریں۔

جب یہ عمل مکمل ہو جائے تو Create Channel پر کلک کریں۔

مزید خبریں :