17 نومبر ، 2023
پنجاب حکومت نے لاہورکی فارماسیوٹیکل کمپنی کے بنائے ہوئے کھانسی کے سیرپ میں نقصان دہ اجزاء کا انکشاف ہونے کے بعد کھانسی کے پانچ سیرپس پر پابندی عائد کر دی۔
نگران وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے کھانسی کے پانچ سیرپس پر پابندی لگا دی ہے۔
ڈاکٹر جمال ناصر کے مطابق لاہور میں تیارکردہ کھانسی کے یہ سیرپس بیرون ملک بھی سپلائی کیے جاتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ سیرپس میں مالدیپ کی شکایت پر ڈبلیو ایچ او کی تحقیقات میں الکوحل کی زیادہ مقدارکی تصدیق ہوئی ،ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کی سفارش پر حکومت پنجاب نے پانچوں سیرپس کی فروخت روک دی ہے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پنجاب کے تمام میڈیکل اسٹوروں سے ان سیرپس کا اسٹاک فوری طور پر اٹھایا جا رہا ہے جبکہ سیرپ تیار کرنے والی فیکٹری کو سر بمہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے اس سے پہلے بھارتی کف سیرپس میں موجود انہی کثافتوں سے کئی بچوں کی اموات ہو چکی ہیں۔