Time 17 نومبر ، 2023
پاکستان

'حادثہ نہیں، ٹارگٹ کلنگ ہے'، لاہور میں گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق افراد کے خاندان کا سربراہ رو پڑا

ڈیفنس لاہور میں کم عمر ڈرائیور کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق 6 افراد کے خاندان کا سربراہ واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے رو پڑا ۔ 

لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 7  میں کار کی ٹکر سے 2 بچوں سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا تھا۔

گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق 6 افراد کے خاندان کے سربراہ رفاقت علی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے گھر کی خواتین سے بدتمیزی کی ، گاڑی میں ہاتھ ڈال کر دوپٹا کھینچنے کی کوشش کی ،منع کرنے پر تکرار کے بعد گاڑی سے پیچھا کر کے ٹکر ماری۔

انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ نہیں،  میرے خاندان کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی، اب پولیس جو کارروائی کر رہی ہے وہ اس سے مطمئن ہیں ۔ 

دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس لیے جانے کے بعد ایف آئی آر میں قتل کے ساتھ دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کر لی گئی ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم افنان نے تکرار کے بعد اپنی کار 160 کی اسپیڈ سے دوڑا کر حسنین اور اہل خانہ کی گاڑی کو ٹکر ماری ۔

پولیس ذرائع کے مطابق کم عمر ڈرائیور افنان شفقت کی گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی گھرانے کے 6 افراد جاں بحق ہونے کے واقعے کے مقدمے میں دفعہ 302 بھی شامل کر دی گئی۔

تحقیقات میں حیران کن انکشافات

لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت کے کیس میں تحقیقات کے دوران نئے انکشافات سامنے آئے تھے۔

ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق کم عمر ڈرائیور افنان کی حادثے سے قبل جاں بحق افراد کے ساتھ جھڑپ ہوئی تھی، افنان وائی بلاک سے گاڑی میں بیٹھی خواتین کا کافی دیر تک پیچھا کرتا رہا، متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے کئی بار گاڑی کی اسپیڈ تیز کی کہ افنان پیچھا چھوڑ دے لیکن ملزم افنان نے گاڑی کا پیچھا نہیں چھوڑا اور مسلسل خواتین کو ہراساں کرتا رہا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وائی بلاک نالے پر متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے گاڑی روک کر افنان کو ڈانٹا، دوسری گاڑی سے حسنین کے والد نے بھی ملزم افنان کو سمجھایا کہ خواتین کو ہراساں مت کرو، اس دوران ملزم افنان دھمکیاں اور گالیاں دیتا رہا اور کہتا رہا میں دیکھتا ہوں تم لوگ ڈیفینس میں گاڑی اب کیسے چلاتے ہو۔

ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ حسنین اپنی بہن اور بیوی کو لے کر آگے نکلا تو ملزم نے دوبارہ پیچھا شروع کر دیا، مکڈونلڈ چوک پر گھوم کر ملزم افنان نے 160 کی اسپیڈ سے گاڑی خواتین والی گاڑی سے ٹکرا دی، حادثے کے بعد حسنین کی گاڑی 70 فٹ روڈ سے دور جا گری اور سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے، حادثے کے بعد 4 افراد ملزم کو چھڑانے پہنچے لیکن لوگوں کا غصہ دیکھ کر بھاگ گئے۔

مزید خبریں :