Time 19 نومبر ، 2023
پاکستان

سندھ بھر کے میڈیکل، ڈینٹل کالجز اور جامعات کا دوسری بار داخلہ ٹیسٹ

ایکسپو سینٹر میں داخلہ ٹیسٹ کے باعث یونیورسٹی روڈ، سوک سینٹر اور  اسٹیڈیم روڈ پر ٹریفک جام رہا__فوٹو: فائل
ایکسپو سینٹر میں داخلہ ٹیسٹ کے باعث یونیورسٹی روڈ، سوک سینٹر اور اسٹیڈیم روڈ پر ٹریفک جام رہا__فوٹو: فائل

سندھ بھر کے میڈیکل، ڈینٹل کالجز اور  جامعات کا داخلہ ٹیسٹ آج ایک مرتبہ پھر سے ہوا۔

امیدواروں کے امتحانی مراکز میں داخلے کا وقت صبح 7 سے 9 بجے تک رکھا گیا تھا جب کہ امتحان کا دورانیہ صبح ساڑھے 10بجے سےدوپہر 2 بجے تک تھا۔

ایم بی بی ایس کی 3600 اور بی ڈی ایس کی1190نشستوں کے لیے ہونے والے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں 41 ہزار امیدوار وں نے امتحان دیا، ٹیسٹ میں کراچی سے 15 ہزار اور جامشورو سے 13ہزار امیدوار وں نے حصہ لیا۔

اس کے علاوہ نواب شاہ سے 4ہزار اور لاڑکانہ سے 9 ہزارامیدوار ٹیسٹ میں شریک ہوئے جبکہ ٹیسٹ کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

انتظامیہ کے مطابق امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت الیکٹرانک ڈیوائسز لانے کی پابندی تھی جبکہ والدین اور  رشتہ داروں کو بھی امتحانی مراکز کے احاطے اور اس کے آس پاس جانے کی اجازت نہیں تھی۔

امتحانی مراکز میں قلم اور پانی کی بوتل انتظامیہ کی جانب سے دی گئیں جبکہ ایکسپو سینٹر میں داخلہ ٹیسٹ کے باعث یونیورسٹی روڈ، سوک سینٹر اور اسٹیڈیم روڈ پر ٹریفک جام رہا۔

مزید خبریں :