19 نومبر ، 2023
نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے خلاف سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر لیا گیا ہے۔
نگران وزیر اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مواد اور غیرقانونی طورپر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا سے متعلق منفی باتیں پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پیجز کیخلاف ایف آئی اے سائبر کرائمز قوانین کے تحت کارروائی ہوگی۔
جان اچکزئی نے یہ بھی کہا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بھی تحقیقات اور ایسے تمام اکاؤنٹس چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر پیجزبنا کر کچھ گروپس ریاست اور حکومت مخالف پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا اس کے علاوہ بلوچستان صحت کارڈ جیسے منصوبوں کے خلاف بھی پوسٹ کی گئیں، ریاست کا اٹل فیصلہ ہے کہ غیر قانونی طورپر مقیم افراد کو ہر صورت میں ملک سے نکالا جائے گا اور چند لوگ سوشل میڈیا کا استعمال کرکے ریاست کی بدنامی کا باعث اور غیرملکی عناصر کے آلہ کار بن رہے ہیں۔
نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے مزید کہا کہ مکمل ثبوت حاصل کرنے کے بعد ایسے افراد کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کرنے والے پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کی جائےگی۔