20 نومبر ، 2023
اسرائیلی فوج نے غزہ کے الشفا اسپتال کے نیچے 10 میٹر گہرائی میں 55 میٹر طویل سرنگ کی موجودگی کا دعویٰ کردیا۔
اسرائیل نے غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا پر حملے کا یہ جواز پیش کیا تھاکہ اس کے نیچے حماس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ہے، اسرائیلی فوج نے غزہ کے الشفا اسپتال کے نیچے 10 میٹر گہرائی میں55 میٹر طویل سرنگ کی موجودگی کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت نے اسرائیلی دعوے کو صاف جھوٹ قرار دیا ہے۔
ادھر حماس کی غزہ سٹی میں اسرائیلی فوج سے دو بدو جھڑپیں جاری ہیں، غزہ میں الشفا اسپتال کو تباہ کرنے کے بعد اسرائیلی فوج نے انڈونیشین اسپتال کا گھیراؤ شروع کردیا ہے۔
انڈونیشین اسپتال پر براہ راست گولہ داغے جانے سے ڈاکٹر زخمی ہوگیا جب کہ اسپتال کے نزدیک آگ بھڑک اٹھی۔
غزہ کے العودہ اسپتال پر بھی اسرائیلی حملے کیے گئے، نصائرات کیمپ میں رہائشی عمارتوں پر بمباری سے 22 فلسطینی شہید ہوگئے۔
الشفا اسپتال سے 31 نومولود بچوں کو نکال کرجنوبی غزہ میں امارات کے فیلڈ اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جب کہ الشفا کے 250 شدید زخمیوں کی کوئی خبر نہیں ہے۔
حماس کی جانب سے ٹینکوں کو قریب سے نشانہ بنانے اور ٹینک تک پہنچ کر دھماکا خیز مواد رکھنے کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 13 ہزار ہوگئی ہے، شہدا میں ساڑھے 5 ہزار بچے اور ساڑھے تین ہزار خواتین شامل ہیں۔