جماہی سے جڑے 9 حیرت انگیز اور دلچسپ حقائق

جماہی کے بارے میں یہ تفصیلات حیران کن ہیں / فائل فوٹو
جماہی کے بارے میں یہ تفصیلات حیران کن ہیں / فائل فوٹو

جماہی کا بظاہر کوئی مقصد نظر نہیں آتا، تھکاوٹ، بیزار ہونے یا کسی کو ایسا کرتے دیکھ کر ہم بھی منہ پھاڑ کر ہوا کو اندر کھینچتے ہیں۔

درحقیقت کچھ عرصے پہلے ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ 55 فیصد افراد تو محض جماہی لفظ کو پڑھ کر ہی جماہی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

ٹیمپل یونیورسٹی کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جب لوگوں کو جماہی (انگلش میں Yawning) بولنے پر مجبور کیا جاتا ہے تو وہ جماہی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

جہاں تک یہ سوال ہے کہ ہم جماہی لیتے کیوں ہیں تو اس کا مختصر جواب تو یہ ہے کہ کوئی بھی اس کی وجہ نہیں جانتا۔

البتہ جماہی کے بارے میں جاننے کے لیے سائنسدانوں نے کافی تحقیقی کام کیا ہے تاکہ اس انسانی رویے کو سمجھ سکیں۔

تو جو کچھ انہوں نے اب تک جانا ہے وہ کافی حیرت انگیز ہے۔

چھوت کی طرح پھیلتی ہے

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ جماہی لیتے دیکھنے کے ساتھ ساتھ محض اس لفظ کو پڑھ کر بھی لوگ جماہی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

یہاں تک کہ اگر آپ الٹے ہوکر بھی کسی کو جماہی لیتے ہوئے دیکھیں تو خود کو منہ پھاڑنے سے روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔

نابینا افراد پر بھی اثر ہوتا ہے

جی ہاں واقعی نابینا افراد دیکھ تو نہیں سکتے مگر جماہی لیتے ہوئے جو آواز نکلتی ہے، وہ سننے سے بھی وہ جماہی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

چھوٹے بچے بھی اس اثر سے محفوظ نہیں

2 سال کی عمر میں بچوں کو دیگر افراد کو دیکھ کر جماہی لیتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

اس کی وجہ تو واضح نہیں مگر یہ ضرور معلوم ہوگیا ہے کہ ننھے بچے بھی اس کے اثر سے بچ نہیں پاتے۔

جانور بھی جماہی لیتے ہیں

جماہی صرف انسانوں تک محدود نہیں، دیگر جانور جیسے بندر، مگر مچھ، سانپ اور کچھ مچھلیوں کو بھی جماہی لیتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

دورانیہ

انسانوں میں ایک جماہی کا اوسط دورانیہ لگ بھگ 6 سیکنڈ ہوتا ہے اور دنیا بھر کے افراد میں یہ دورانیہ دیکھنے میں آیا ہے۔

آدھی جماہی نہیں لی جاسکتی

جی ہاں یا تو آپ کو پورا منہ کھول کر جماہی لینا ہوگی یا پورا منہ بند کرکے اسے پھلانا ہوگا۔

جماہی کو دبانا مشکل ہے

دانت پیس کر آپ جماہی کو دبا نہیں سکتے۔

اس کی آزمائش بھی آپ کر سکتے ہیں، یعنی جب جماہی آنے لگے تو دانتوں کو دبا کر اسے روکنے کی کوشش کریں۔

اس کوشش میں ناکامی کا سامنا ہوگا، کیونکہ جماہی کا کوئی نامعلوم میکنزم ہمیں جبڑے کھولنے پر مجبور کر دیتا ہے۔

اچھا محسوس ہوتا ہے

جماہی لینے سے لوگوں کے مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

آٹزم کے مریضوں پر اس کا اثر نہیں ہوتا

ویسے تو لوگوں کو جماہی لیتے دیکھ کر بیشتر افراد خود جماہی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں مگر آٹزم کے شکار افراد پر یہ اثر نہیں ہوتا۔

مزید خبریں :