لوگوں کو جماہی لیتے دیکھنے کے عجیب فائدے کا انکشاف

ایک تحقیق میں یہ دعویٰ سامنے آیا / فائل فوٹو
ایک تحقیق میں یہ دعویٰ سامنے آیا / فائل فوٹو

ہم جماہی کیوں لیتے ہیں یہ تو کسی حد تک ایک اسرار ہے مگر اسے دیکھ کر ہمیں خطرے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ دلچسپ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ کسی فرد کو جماہی لیتے دیکھ کر لوگ خطرات کے حوالے سے زیادہ ہوشیار ہو جاتے ہیں۔

امریکا کے SUNY Polytechnic Institute کی تحقیق میں بتایا گیا کہ لوگوں کے گروپ میں جماہی کو ایک ایسا سگنل سمجھا جاتا ہے کہ ان میں سے ایک فرد تھکاوٹ کا شکار ہے اور اسی وجہ سے جماہی کو دیکھنے والے کا دماغ خطرات کے لیے زیادہ ہوشیار ہو جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ کسی فرد کو جماہی لیتے دیکھ کر ہمارے دماغ کے اندر تبدیلیاں آتی ہیں اور وہ زیادہ الرٹ ہو جاتا ہے۔

اس تحقیق میں 27 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور انہیں لوگوں کی جماہی لیتے یا دیگر قدرتی تاثرات کی تصاویر دکھائی گئیں اور اس کے بعد انہیں مختلف طرح کے ماحول میں چھپے شیر یا ہرن کی ایک قسم امپالا کی تصاویر دکھا کر شکار بننے والے جانور کو تلاش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

محققین نے بتایا کہ ہم نے دریافت کیا کہ لوگوں کو جماہی لیتے دیکھنے کے بعد رضا کاروں نے بہت تیزی سے شیر کو ڈھونڈا جبکہ امپالا کو دیکھنے میں انہیں وقت لگا۔

اسی تحقیقی ٹیم کی ایک پرانی تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ لوگوں کو جماہی لیتے دیکھ کر لوگوں کی سانپوں کو دیکھنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔

محققین نے کہا یہ نئی تحقیق کے نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ دیگر افراد کو جماہی لیتے دیکھ کر ہماری خطرہ بھانپنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج Evolutionary Behavioural Sciences میں شائع ہوئے۔

خیال رہے کہ کچھ عرصے قبل ایک تحقیق میں بتایا تھا کہ 55 فیصد افراد تو محض جماہی لفظ کو پڑھ کر ہی جماہی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

ٹیمپل یونیورسٹی کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جب لوگوں کو جماہی (انگلش میں Yawning) بولنے پر مجبور کیا جاتا ہے تو وہ جماہی لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ کسی کو معلوم نہیں کہ ہم جماہی کیوں لیتے ہیں یا اس سے کیا فائدہ ہوتا ہے، شاید اس سے ہمیں پرسکون ہونے میں مدد ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقصد جو بھی ہو مگر جماہی چھوت کی طرح پھیلتی ہے بلکہ اس کے بارے میں سوچنے یا اس کے لفظ کو بولنا بھی آپ کو جماہی لینے پر مجبور کر دیتا ہے، کم از کم 55 فیصد افراد تو ضرور جماہی لیتے ہیں۔

مزید خبریں :