Time 20 نومبر ، 2023
پاکستان

کار کی ٹکر سے 6 افرادکی ہلاکت، ملزم افنان کیساتھ بیٹھا دوست ابراہیم بھی گرفتار

کار افنان چلا رہا تھا اور واقعہ حادثہ ہے، کسی خاتون کو نہیں چھیڑا: ملزم ابراہیم کا پولیس کو بیان— فوٹو: فائل
 کار افنان چلا رہا تھا اور واقعہ حادثہ ہے، کسی خاتون کو نہیں چھیڑا: ملزم ابراہیم کا پولیس کو بیان— فوٹو: فائل

ڈیفنس لاہور میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کی ہلاکت کے کیس میں پولیس نے ملزم افنان کے دوست ابراہیم کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ابراہیم وقوعہ کے وقت گاڑی میں افنان کے ساتھ موجود تھا، ان دونوں کے علاوہ سعد اور علی بھی کار میں تھے۔

ملزم ابراہیم سے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور نے بھی پوچھ گچھ کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں ملزم ابراہیم نے بتایا کہ کار افنان چلا رہا تھا اور واقعہ حادثہ ہے، کسی خاتون کو نہیں چھیڑا۔

پولیس کے مطابق دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب ملزم افنان کے والد ملزم شفقت علی نے گرفتاری سے بچنے کیلئے عبوری ضمانت کرالی اور لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے عبوری ضمانت منظور کی۔

عدالت نے ملزم شفقت علی کی عبوری ضمانت 27 نومبر تک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی اور ملزم شفقت علی کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔

خیال رہے کہ 12 نومبر کی رات لاہور کے علاقے ڈیفینس فیز 7 میں تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ کیس کی تحقیقات کے دوران نئے انکشافات سامنے آئے تھے۔

ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق کم عمر ڈرائیور افنان کی حادثے سے قبل جاں بحق افراد کے ساتھ جھڑپ ہوئی تھی، افنان وائی بلاک سے گاڑی میں بیٹھی خواتین کا کافی دیر تک پیچھا کرتا رہا، متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے کئی بار گاڑی کی اسپیڈ تیز کی کہ افنان پیچھا چھوڑ دے لیکن ملزم افنان نے گاڑی کا پیچھا نہیں چھوڑا اور مسلسل خواتین کو ہراساں کرتا رہا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وائی بلاک نالے پر متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور حسنین نے گاڑی روک کر افنان کو ڈانٹا، دوسری گاڑی سے حسنین کے والد نے بھی ملزم افنان کو سمجھایا کہ خواتین کو ہراساں مت کرو، اس دوران ملزم افنان دھمکیاں اور گالیاں دیتا رہا اور کہتا رہا میں دیکھتا ہوں تم لوگ ڈیفینس میں گاڑی اب کیسے چلاتے ہو۔

ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ حسنین اپنی بہن اور بیوی کو لے کر آگے نکلا تو ملزم نے دوبارہ پیچھا شروع کر دیا، مکڈونلڈ چوک پر گھوم کر ملزم افنان نے 160 کی اسپیڈ سے گاڑی خواتین والی گاڑی سے ٹکرا دی، حادثے کے بعد حسنین کی گاڑی 70 فٹ روڈ سے دور جا گری اور سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے، حادثے کے بعد 4 افراد ملزم کو چھڑانے پہنچے لیکن لوگوں کا غصہ دیکھ کر بھاگ گئے۔

مزید خبریں :