Time 20 نومبر ، 2023
پاکستان

اتنے سال کیوں خاموش رہے؟ سوال پر خاور مانیکا نے کیا جواب دیا؟

پھر اور لوگوں سے مجھے فون کرائے اور اس طرح کے فون کرائے تو اس سے محسوس ہوا یہ تو میرے بچوں کی زندگی داؤ پر لگا کر رکھ دیں گے تو میں اس پر خاموش ہوگیا، خاور مانیکا کا انکشاف— فوٹو: اسکرین گریب
 پھر اور لوگوں سے مجھے فون کرائے اور اس طرح کے فون کرائے تو اس سے محسوس ہوا یہ تو میرے بچوں کی زندگی داؤ پر لگا کر رکھ دیں گے تو میں اس پر خاموش ہوگیا، خاور مانیکا کا انکشاف— فوٹو: اسکرین گریب

سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں‘ تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔

دوران انٹرویو شاہ زیب نے سوال کیا کہ آپ اُس وقت نہیں بولے تو کسی کے ڈر کے وجہ سے نہیں بولے تو آج بول رہے ہیں تو کسی کے ڈر کی وجہ سے بول رہے ہیں؟

اس پر خاور مانیکا نے جواب میں کہا کہ ’میں آپ کو واضح بات بتا دوں جب ان کا نکاح ہوا اس کے فوراً بعد مجھے ذلفی اور فرح گوگی کے بارہا مجھے فون آئے اور انہوں نے مجھے صاف یہ بات کہی کہ میاں صاحب اب یہ مرید ہے اور اس نےآگے وزیراعظم بننا ہے اور بہتر ہے کہ آپ خاموش رہیں‘۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ ’میں نے اس کو ہلکا لیا کہ یہ دھمکی ہے کوئی نہیں ایسے وقت گزر جائے گا لیکن پھر اور لوگوں سے مجھے فون کرائے اور اس طرح کے فون کرائے تو اس سے محسوس ہوا یہ تو میرے بچوں کی زندگی داؤ پر لگا کر رکھ دیں گے تو میں اس پر خاموش ہوگیا، لیکن اب میں ٹوٹ گیا ہوں، تھک گیا ہوں جو میرے دل میں ہے میرا ضمیر میرا دل اجازت نہیں دیتا کہ بوجھ کے ساتھ بیٹھا رہوں‘۔

ایک اور سوال پر بشریٰ بی بی کے سابق شوہر کا کہنا تھاکہ ’مجھ پر زندگی میں پہلی بار کیس ہوا ہے وہ کیس بھگتنے کیلئے میں پوری طرح تیار ہوں، یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے، آپ مجھے یہ بتائیں پچھلے 5 سالوں میں بچوں کو چھوڑ کر 5 بچوں کو چھوڑ کر نکاح کرکے وہ گئی اس کو سارا جہاں مبارکبادیں دے رہا ہے اور پوری قوم مبارکباد دی رہے  جس گھر کو توڑ کر گئی  ہمارے گھر کا اس قوم کے ایک شخص نے یہ نہیں پوچھا کہ آپ کا اور بچوں کا کیا حال ہے؟‘

انہوں نے کہا کہ ’میری سب سے چھوٹی بیٹی جس وقت یہ گئی ہے وہ 7 یا 8 سال کی تھی اب بھی وہ رات کو سوتی ہے تو تکیے کے نیچے سر رکھ کر رو رہی ہوتی ہے تو کئی دفعہ دلاسہ دلایا تو کہتی ہت کہ نہیں بابا ڈر گئی تھی، اس بے حس بندے نے پیری مریدی کی آڑ میں اس نے ہمارا ہنستا بستا گھر برباد کرکے رکھ دیا، میرے خاندان کی عزت برباد کرکے رکھ دی، جس دن سے وزیراعظم کی بیوی بنی ہے اور یہ وزیراعظم بنا ہے اس دن سے میں اور میرے بچے سوائے قوم کی گالیوں، تنقید اور اعتراض کے علاوہ میں نے کچھ نہیں دیکھا، میں نے بھی اللہ پر چھوڑا ہوا تھا‘۔

مزید خبریں :