21 نومبر ، 2023
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کئی آسٹریلوی کرکٹرز کے اہلخانہ کو ہراساں کیا جارہا ہے۔
ورلڈکپ 2023 کے فائنل میں بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن بھارتی شائقین سے یہ ہار برداشت نہ ہوئی اور بھارتیوں کا متعصب چہرہ عیاں ہو گیا۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فائنل میں سنچری اسکور کرنے والے آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ جیسیکا ڈیویس اور بیٹی کو ریپ اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دی جانے لگیں۔
اس کے علاوہ آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل کی بھارتی اہلیہ وینی رامن نے بھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر دھمکی دینے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کرکٹ کے مداح کسی کی توہین، نفرت اور بد تمیزی کیے بغیر بھی اپنی ٹیم کو سپورٹ کر سکتے ہیں۔
وینی نے اپنے دورہ بھارت کے دوران لی گئی مختلف فیملی فوٹوز اور ویڈیوز انسٹا گرام پر شیئر کی اور ساتھ ایک نوٹ بھی پوسٹ کیا۔
وینی رامن نے نوٹ میں لکھا کہ تمام توہین آمیز اور بدتمیزی سے بھرپور پیغامات ارسال کرنے والے مداح تہذیب کے دائرے میں بھی رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یقین نہیں آ رہا کہ یہ کہنے کی ضرورت پیش آ رہی ہے کہ آپ ہندوستانی ہوتے ہوئے بھی اس ملک کو سپورٹ کر سکتے ہیں جہاں آپ پیدا ہوئے اور پرورش پائی، ان سب سے بڑھ کر آپ اس ٹیم کو بھی سپورٹ کر سکتے ہیں جس ٹیم کی نمائندگی آپ کا شوہر یا آپ کے بچے کا باپ کر رہا ہو۔
انہوں نے سوشل میڈیا ٹرولرز اور دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے والوں کو حوصلہ رکھنے اور دنیا کے دیگر اہم مسائل پر توجہ دینے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
اس کے علاوہ بھارتی شائقین نے صحافیوں کو بھی نشانہ بنایا، ای ایس پی این کے مصنف اسٹیو اسمتھ کے ساتھ، جن کا آسٹریلیا کے بلے باز سے کوئی تعلق نہیں ہے، انہیں بھی ان باکس میں دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے۔