21 نومبر ، 2023
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر ڈکیتی کی تحقیقات میں سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائمخانی کی 13 صفحات پر مشتمل انکوائری رپورٹ میں پولیس چھاپے کو ڈکیتی قرار دیا گیا ہے، جس میں ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی اور ٹرینی ڈی ایس پی عمیر طارق قصور وار قرار دیےگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق زیرتربیت ڈی ایس پی عمیر طارق، ساتھی اہلکاروں اورپرائیوٹ ٹیم نے ڈکیتی کی، پولیس یونیفارم میں 2 اہلکاروں اور 5 پرائیوٹ افراد نے ڈکیتی کی، پولیس پارٹی نے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے، 60 تولہ سونا و دیگر قیمتی سامان لوٹا، لوٹا گیا کیش اور 70 تولے سونا اسکول بیگ میں رکھ کر ڈی ایس پی دفتر لے جایا گیا، ڈکیتی کے وقت زیر تربیت ڈی ایس پی عمیر طارق خود موجود تھے۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی کا کہنا تھا کہ ٹیرر فنانسنگ سےمتعلق مخبر کی اطلاع پر زیر تربیت افسر کوٹاسک دیا۔
ٹرینی ڈی ایس پی عمیر طارق کے مطابق ایس ایس پی عمران قریشی کے بھیجےگئے مخبروں کی اطلاع پر چھاپہ مارا، گھر پر چھاپے کو ایس ایس پی ساؤتھ کے دیے پرائیوٹ افراد لیڈ کر رہے تھے،کیش، سونا، 12 موبائل فون پرائیوٹ افراد کی جانب سے قبضے میں لیےگئے، پرائیوٹ افراد کو بطور حساس ادارے کے اہلکار متعارف کرایا گیا، پولیس پارٹی کے دفتر پہنچنے پر لاکر سے ایک کروڑ 5 لاکھ اور زیورات ملے، ذاتی اسٹاف سے دو اہلکار خرم علی اور فیضان کو شاہین فورس کے 3 اہلکاروں کے ہمراہ بھیجا، 5 پرائیوٹ افراد نے گھر کی تلاشی لی، دوپولیس اہلکاروں نے گھر میں تحفظ دیا، باکس کا لاک میرے دفتر میں توڑا گیا، ذاتی ڈرائیور سے وہ باکس باہر پھنکوادیا۔
شاہین فورس کے اہلکاروں کا کہنا ہےکہ چھاپےکے دوران ہمیں گھر کے باہر رکھا گیا۔
سپاہی خرم کے مطابق پولیس موبائل اور بڑی گاڑی ڈی ایس پی عمیر طارق کی ہدایت پر لے کر نکلے، ڈی ایس پی نے حساس ادارے کی اطلاع پر چھاپہ مارنے کا کہا، ہمیں صرف گھر کو گھیرنا تھا، راستے میں ڈی ایس پی اور ماسک لگائے 4 افراد کی جانب سے بریفنگ دی گئی، ڈی ایس پی عمیر طارق چھاپے کے وقت اپنی گاڑی میں موجود تھے، حراست میں لیے دو بھائیوں کو بلوچ کالونی پل پر اتارنے کی ہدایت ڈی ایس پی نے دی۔
ایس ایچ او ڈیفنس کا کہنا ہےکہ حساس ادارے کے چھاپے میں ملے سامان کو واپس کرنے کی ہدایت ایس ایس پی ساؤتھ نے دی، کلفٹن تھانے کے باہر ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی نے بیگ اور شاپنگ بیگ میرے حوالے کیا، میں نے تھانے میں تمام سامان شاکر اور وسیم کے حوالے کیا اور ایس ایس پی کو مطلع کیا۔
رپورٹ کے مطابق زیر تربیت ڈی ایس پی عمیر طارق کے دو بیانات میں تضادات پائےگئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ باکس میں موجود 85 لاکھ روپے اور کچھ زیورات کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا، بیانات کے مطابق باکس ڈی ایس پی عمیر طارق کے حوالے کیا گیا تھا۔
انکوائری کمیٹی نے کہا ہے کہ ڈی ایس پی عمیر طارق کے خلاف دیگر شکایات کی بھی تحقیقات ضروری ہیں۔
رپورٹ میں ایس ایس پی ساؤتھ اور زیر تربیت ڈی ایس پی کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ۔
رپورٹ پر ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جب کہ زیر تربیت ڈی ایس پی عمیر طارق کا بھی سی پی او تبادلہ کردیا گیا۔
اورنگی ٹاؤن میں تاجر کےگھر پولیس ڈکیتی کا مقدمہ پیر آباد تھانے میں درج کرکے زیر تربیت ڈی ایس پی کو گرفتار بھی کرلیا گیا، عمیر طارق کے ساتھی پولیس اہلکار بھی مقدمے میں گرفتار کرلیےگئے ہیں۔
خیال رہے کہ ڈکیتی کا واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا تھا جس کے بعد آئی جی سندھ کی ہدایت پر معاملے کی انکوائری کی گئی۔