16 جنوری ، 2013
اسلام آباد…گلگت بلتستان اور مالاکنڈ کے کچھ علاقوں میں برفباری جاری ہے۔شدید سردی کے باعث عطا آباد جھیل جمنے سے تین روز سے کشتی سروس بند ہے۔گلگت بلتستان کے علاقے غذر میں پہاڑوں پر برفباری جاری ہے۔جبکہ نشیبی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔ ہنزہ نگر کے قریب عطا آباد جھیل جمنے سے 3روز سے کشتی سروس معطل ہے۔جس کے باعث سیکڑوں مسافر، مریض اور طلبا جھیل کے دونوں اطراف آجا نہیں سکتے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برف توڑنے کی مشین کا پٹرول ختم ہوگیا ہے۔پٹرول فراہم کیے جانے پر مشین چلاکر جھیل کی برف توڑی جائے گی۔مالاکنڈ اور ہزارہ کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے۔ چترال شہر اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے۔شمالی بلوچستان، کرم ایجنسی،اورکزئی ایجنسی اور آزادکشمیر سمیت گردونواح میں سردی کی لہر برقرار ہے۔