24 نومبر ، 2023
خیرپور: پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما نفیسہ شاہ بزرگ سیاست دانوں سے متعلق پارٹی چیئرمین کی رائے سے متفق نہیں۔
خیرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ نئے اور پرانے سیاست دانوں کا امتزاج ہونا چاہیے، سیاست میں نئے اورپرانے سیاست دانوں کا مکس اپ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں پرانوں کا تجربہ اور ان کا سایہ ہونا چاہیے، عمر چاہے جتنی بھی ہو لیکن وہ سیاستدان عوام میں مقبول ہیں۔
نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی انتخابات میں بہترین امیدوار سامنے لائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے بیانات میں بزرگ سیاستدانوں کو سیاست سے الگ ہونے کا مشورہ دے رہے ہیں جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے گھر بیٹھنے کا مشورہ دیا۔
بلاول بھٹو کے والد اور سابق صدر آصف زرداری نے سینئر صحافی حامد میر کو دیے گئے انٹرویو میں بلاول کے بیان سے اتفاق نہ کرتے ہوئے کہا کہ ، نئی نسل کی اپنی سوچ ہے، وہ کہتی ہے کہ بابا آپ کو کچھ نہیں پتہ، اسے سوچ کے اظہار کا مکمل حق ہے ، سوچ کے اظہار پر تو ٹیکس نہیں ہے ، بلاول کو بیان دینے سے روکوں گا نہیں ،کیوں کہ اگر وہ ناراض ہوگیا اور کہا کہ گھر بیٹھ جاتا ہوں تو میں کیا کروں گا۔