24 نومبر ، 2023
کراچی: ڈکیتی میں گرفتار معطل ڈی ایس پی عمیر طارق کے انچارج ایس ایس پی کے خلاف بھی سخت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر ڈھائی کروڑ کی ڈکیتی میں گرفتار زیر تربیت ڈی ایس پی کے انچارج معطل ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
آئی جی سندھ رفعت مختار نے بتایا کہ معطل ایس ایس پی عمران قریشی کے خلاف آئی جی سندھ آفس براہ راست کارروائی نہیں کرسکتا اس سلسلے میں اختیار حکومت سندھ، محکمہ داخلہ یا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جانب سے محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھ دیا گیا ہے اور ساتھ ہی محکمہ داخلہ سے سفارش کی گئی ہے کہ خلاف ضابطہ چھاپوں یا ڈکیتی کی واردات کے پس پشت ایس ایس پی کے ملوث ہونے کی انکوائری کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھا جائے۔
آئی جی سندھ کے مطابق معطل ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی کے خلاف انکوائری اور ان کی خدمات فوری طور پر وفاق کے حوالے کرنے کی سفارش بھی کردی گئی ہے۔