Time 02 دسمبر ، 2023
کھیل

پی سی بی نے ایک روز بعد ہی سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ کے عہدے سے ہٹادیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر سلمان بٹ کو بطور کنسلٹینسی ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا تھاکہ سلمان بٹ کے نام پر بہت بات ہوئی ہے، سلمان بٹ کرکٹ کو سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا سلمان بٹ کو بطورکنسلٹینسی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، سلمان بٹ کا اب نام واپس لے لیا ہے، ویسے تو سلمان بٹ اپنے کیے کی سزا بھگت چکے ہیں لیکن نہیں چاہتا سلمان بٹ کے بارے مزید غلط باتیں کی جائیں۔

ان کا کہنا تھاکہ کسی کا دباؤ نہیں، سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ بنانے کا فیصلہ میں نے ہی کیا تھا، اب انہیں کو ہٹانے کا فیصلہ بھی میں ہی کررہا ہوں۔

وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی، سلمان بٹ کا نام واپس لینے کا فیصلہ صرف میرا ہے، میں نے اپنی ذمہ داری سمجھ کر چیف سلیکٹر کا عہدہ لیا، اس وقت عہدے سے دستبردار ہوں گا جب میری وجہ سے ٹیم کی کارکردگی خراب ہوگی۔

چیف سلیکٹر کا مزید کہنا تھاکہ میرے بارے میں یہ بھی کہا گیا سلمان بٹ سے میری دوستی ہے، مجھ میں حوصلہ ہے کہ میں سب باتوں کا جواب دے سکتا ہوں، مجھ پر کسی کی طرف سے کوئی دباؤ نہیں، کچھ اچھا کرنا چاہیں تو پھر بھی تنقید ہو تی ہے، ہر کسی کو خوش نہیں رکھا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کل ہم سب کراچی میں اکٹھے ہورہے ہیں، ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا اپنا مؤقف ہے میں ان کے مؤقف کی عزت کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں تفویض کیں تھیں۔

مزید خبریں :