03 دسمبر ، 2023
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
گزشتہ روز گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں شاہراہ قراقرم پر نامعلوم افراد نے بس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بس ایک ٹرک سے ٹکرا کر حادثےکا شکار ہوگئی اور 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر دیامر عارف احمد کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 26 مسافر سوار تھے جن میں سے16افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چلاس میں مسافربس پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا دہشتگردوں کی بزدلی کا ثبوت ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ہم گلگت بلتستان کا امن سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے شہدا اور زخمی ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔