Time 03 دسمبر ، 2023
دنیا

غزہ کے معصوم بچے اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے کے بعد ایک دوسرے کو خود تسلی دینے لگے

غزہ کے معصوم بچے اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے کے بعد ایک دوسرے کو خود تسلی دینے لگے۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد سے اسرائیلی کی غزہ اور دیگر قابض علاقوں پر بدترین بمباری جاری ہے۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کے گنجان آباد جنوبی حصوں پر حملے کیے جا رہے ہیں جہاں شمالی غزہ سے جبری انخلا کے بعد فلسطینیوں کی اکثریت پناہ لیے ہوئے ہیں، صیہونی فورسز کی جانب سے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

24 گھنٹوں کے دوران وحشیانہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 700 سے زائد فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔

اسرائیلی بمباری سے کہیں بچے والدین تو کہیں والدین بچوں سے بچھڑ گئے ، غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بعد ملبے سے نکالے گئے زخمی بھائی بہن کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آگئی۔

ویڈیو میں زخمی بہن بار بار اپنے زخمی بھائی سے اپنے خاندان کی خیریت کے بارے میں پوچھ رہی ہے ، بھائی کے پاس زخمی بہن کے سوالوں کا کوئی جواب نہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے غزہ کے اسپتالوں کی صورتحال کو 'ناقابل تصور' قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی غزہ میں نصراسپتال کے حالات ناقص سے بھی بدتر ہیں، اسپتال میں گنجائش سے تین گنا زائد مریض موجود ہیں، مریضوں کا علاج زمین پر کیا جارہا ہے اور مریض درد سے چیخ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ کے سرکاری اہلکار کے مطابق اسرائیلی بمباری سے غزہ پٹی میں اب تک 15 لاکھ سے زائد افراد بےگھر ہو چکے ہیں جبکہ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

مزید خبریں :