Time 05 دسمبر ، 2023
دنیا

اسرائیل کا حماس کی سرنگوں کو پمپوں کے ذریعے زیر آب لانے پر غور

اسرائیل غزہ میں سمندری پانی کو کھینچنے والے پمپوں کے ایک بڑے نظام کا انتظام کررہا ہے: امریکی حکام/ فوٹو رائٹرز
اسرائیل غزہ میں سمندری پانی کو کھینچنے والے پمپوں کے ایک بڑے نظام کا انتظام کررہا ہے: امریکی حکام/ فوٹو رائٹرز

اسرائیل غزہ میں حماس کی سرنگوں کو سمندری پانی سے بھرنے پر غور کررہا ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہےکہ اسرائیل غزہ میں  سمندری پانی کو کھینچنے والے پمپوں کے ایک بڑے نظام کا انتظام کررہا ہے، یہ پمپس اس لیے لگائے جارہے ہیں تاکہ غزہ پٹی پر موجود فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے زیر استعمال سرنگوں کو پانی سے بھر سکے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے نومبر کے وسط تک 5 پمپس کو پناہ گزینوں کے کیمپ الشطی کے ایک میل دور تک لگا لیا تھا جو ہزاروں کیوبک میٹر پانی فی گھنٹہ منتقل کرسکتے ہیں اور اس سے سرنگوں میں ہفتوں کے اندر سیلاب آسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے یہ واضح نہیں کہ آیا اسرائیل تمام یرغمالیوں کو رہا کرنے سے پہلے پمپ استعمال کرنے پر غور کرے گا کیونکہ حماس پہلے کہہ چکا ہے کہ اس نے یرغمالیوں کو محفوظ مقامات اور سرنگوں میں چھپا رکھا تھا۔

اس حوالے سے امریکی حکام نے مزید کہا کہ  اسرائیل کے لیے سرنگوں کو ناکارہ بنانا سمجھ میں آتا ہے اور اسرائیل ایسا کرنے کے لیے بہت سے طریقے تلاش کر رہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل فوج کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا تاہم انہوں نے یہ ضرور کہا کہ اسرائیلی فوجی مختلف فوجی اور تکنیکی آلات کا استعمال کرتے ہوئے مختلف طریقوں سے حماس کی دہشتگردی کی صلاحیتوں کو ختم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ 

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں تقریباً 16 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔


مزید خبریں :