Time 05 دسمبر ، 2023
دنیا

اسرائیلی فوج کا بریج کیمپ پر حملہ، مزید 15 فلسطینی شہید، جبالیہ کا بھی گھیراؤ کرلیا

اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے شمال اور مشرقی علاقوں میں فاسفورس بم برسائے ہیں: فلسطینی حکام/ فوٹو اے پی
اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے شمال اور مشرقی علاقوں میں فاسفورس بم برسائے ہیں: فلسطینی حکام/ فوٹو اے پی

اسرائیل نے غزہ پر وحشیانہ حملے مسلسل جاری رکھتے ہوئے بریج کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں مزید 15 فلسطینی شہید ہوگئے۔

فلسطینی حکام کے مطابق بریج کیمپ پر اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں 15 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے جب کہ اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے شمال اور  مشرقی علاقوں میں فاسفورس بم برسائے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جبالیہ کیمپ کو مکمل طور پر گھیرے میں لے رکھا ہے اور کیمپ کے اطراف دہشتگرد انفرا اسٹرکچر کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیاہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں دوبارہ جنگ شروع ہونے سے انتہائی صدمے میں ہوں۔

ڈینس فرانسس نے فلسطینیوں کو انسانی امداد تک بلا روک ٹوک رسائی سمیت یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔

ادھر اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ میں آج زمینی آپریشن میں مزید 3 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 4 شدید زخمی ہوئے ہیں جس کے بعد غزہ میں زمینی فوجی آپریشن میں ہلاک فوجیوں کی تعداد 78 ہوگئی۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار کے تقریب پہنچ گئی ہے۔


مزید خبریں :