دبئی میں زیرتعمیر پینٹ ہاؤس اربوں روپوں میں فروخت

اس پینٹ ہاؤس کا ایک خاکہ / فوٹو بشکریہ Nakheel Properties and Provident Estate
اس پینٹ ہاؤس کا ایک خاکہ / فوٹو بشکریہ Nakheel Properties and Provident Estate

دبئی میں ایک زیرتعمیر پینٹ ہاؤس (ایک بلند و بالا عمارت کا اوپری حصہ) ریکارڈ 13 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز (38 ارب پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوا ہے۔

اس فروخت نے دبئی میں مہنگی جائیدادوں کا ایک نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔

کومو Residences نامی 71 منزلہ عمارت کے سب سے اوپر لگ بھگ 22 ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلا یہ پینٹ ہاؤس ابھی تک تعمیر نہیں ہوا۔

پام جمیرہ میں واقع یہ پینٹ ہاؤس دنیا کا تیسرا مہنگا ترین پینٹ ہاؤس قرار پایا ہے، اس سے قبل لندن (23 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز) اور موناکو (44 کروڑ ڈالرز) میں مہنگے ترین پینٹ ہاؤس فروخت ہوئے تھے۔

پام جمیرہ ایک مصنوعی جزیرہ ہے جو 1380 ایکڑ رقبے پر تعمیر ہوا ہے۔

اس پینٹ ہاؤس کی تعمیر 2027 کے آخر تک مکمل ہوگی مگر اسے 3 سال قبل ہی ایک گمنام فرد نے خرید لیا ہے۔

خریدار کا نام تو ابھی تک سامنے نہیں آیا مگر یہ بتایا گیا ہے کہ اس کا تعلق مشرقی یورپ سے ہے۔

یہ پینٹ ہاؤس اندر سے ایسا ہوگا / فوٹو بشکریہ Nakheel Properties and Provident Estate
یہ پینٹ ہاؤس اندر سے ایسا ہوگا / فوٹو بشکریہ Nakheel Properties and Provident Estate

اس سے قبل دبئی میں سب سے مہنگا پینٹ ہاؤس کچھ ماہ قبل 11 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز میں فروخت ہوا تھا۔

دبئی میں فروخت ہونے والے اس نئے پینٹ ہاؤس میں ایک 360 ڈگری اسکائی پول بھی تعمیر کیا جائے گا اور وہاں سے برج الخلیفہ اور دیگر مقامات کا نظارہ کرنا ممکن ہوگا۔

اس سے قبل جون 2023 میں دبئی میں سب سے مہنگا گھر فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

پینٹ ہاؤس کا ایک اور خاکہ / فوٹو بشکریہ Nakheel Properties and Provident Estate
پینٹ ہاؤس کا ایک اور خاکہ / فوٹو بشکریہ Nakheel Properties and Provident Estate

دبئی کے علاقے ایمریٹس ہل میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے گھر کی قیمت 20 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رکھی گئی تھی۔

اکتوبر 2022 میں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے مکیش امبانی نے دبئی کا مہنگا ترین گھر 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز میں خریدا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ایشیا کے امیر ترین شخص نے پام جمیرہ میں واقع یہ گھر کویت کے ایک بڑے کاروباری شخص سے خریدا تھا۔

مزید خبریں :