کراچی: عائشہ منزل پر آگ سے متاثرہ عمارت میں رہائش کی اجازت دے دی گئی

فوٹو: آن لائن
فوٹو: آن لائن

کراچی کے علاقے عائشہ منزل  پر  آگ سے متاثرہ عمارت کے  رہائشیوں کو  رہائش کی اجازت دے دی گئی۔

ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللہ چاچڑ نے جیونیوز کو بتایا کہ ٹیکنیکل کمیٹی نے متاثرہ  عمارت میں رہائش کی اجازت دے دی ہے، متاثرہ عمارت کی چاروں منزلیں رہائش کے قابل ہیں۔

ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ پولیس  اور  ریسکیو  اہلکار  رہائشیوں کو  ان کےگھر پہنچانے میں مدد کر رہے ہیں۔

دوسری جانب  ایڈیشنل ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے)  بینش شبیر نے جیو نیوز  سےگفتگو میں بتایا کہ  آگ سے عمارت کے انفرا اسٹرکچر کو  نقصان نہیں پہنچا، عمارت کے اوپر موجود فلیٹ محفوظ ہیں ، گراؤنڈ فلور کو نقصان ہوا ہے جسے مرمت  کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ  روز  عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ سینٹر  پر فرنیچر کی دکانوں میں آگ لگ گئی تھی۔

 آگ نے  رہائشی فلیٹوں اور  130 دکانوں  پر مشتمل 5 منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے کر شدید  نقصان پہنچایا،  واقعے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

عینی شاہدکا کہنا  تھا کہ جیولری اور کپڑے کی دکان میں لگنے والی آگ سے متعدد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔

افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے 5 میں سے 4 افراد کی شناخت کرلی گئی ہے، جن میں 35 سالہ غلام رضا، 38 سالہ نعمان بیگ، 20 سالہ نوجوان مصطفیٰ اور 30 سالہ ریاض شامل ہے، پانچویں شخص کی فی الحال شناخت نہیں ہوسکی۔

آگ لگنے کی وجہ اب تک واضح نہیں تاہم یہ حقیقت ہے کہ کراچی میں بڑی تعداد میں عمارتوں میں کسی ایمرجنسی میں نکلنے کے لیے محفوظ راستے اور فائر فائٹنگ و سیفٹی سسٹم موجود نہیں جو کہ متعلقہ اداروں کی واضح ناکامی ہے۔

لواحقین کا کہنا ہےکہ جانے  والے تو  واپس نہیں لوٹتے لیکن ہر حادثےکے بعد ذمہ دار انتظامیہ  اور حکومتی نمائندے  اظہار  افسوس تو کرتے ہیں لیکن حفاظتی اقدامات کو چیک کرنا اور  عمارتوں کو محفوظ بنانےکا عمل کسی کو یاد نہیں رہتا، شاید سب دوسرے حادثےکا  انتظار کرتے ہیں۔

مزید خبریں :