Time 08 دسمبر ، 2023
دنیا

نیویارک میں یہودی معبد کے باہر فائرنگ، ملزم گرفتار

ملزم مقامی شہری ہے، ملزم نے فائرنگ سے پہلے فلسطین کی آزادی کا نعرہ لگایا تھا: پولیس—فوٹو: رائٹرز
ملزم مقامی شہری ہے، ملزم نے فائرنگ سے پہلے فلسطین کی آزادی کا نعرہ لگایا تھا: پولیس—فوٹو: رائٹرز

امریکی ریاست نیویارک کے شہر البانی میں ایک مسلح شخص کی جانب سے یہودی معبد کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آگیا۔

البانی پولیس کے مطابق فائرنگ ٹیمپل اسرائیل کے باہر کی گئی، واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، فائرنگ کے واقعے میں ملوث 28 برس کے مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم بتایا گیا ہے کہ ملزم مقامی شہری ہے۔

پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزم نے فائرنگ سے پہلے فلسطین کی آزادی کا نعرہ لگایا تھا۔

ریاست نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل کا کہنا ہے کہ انہوں نے معبد کے راہب سے بات کی ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ یہودی کمیونٹی کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یہودی آج سے جشن چراغاں کی تقریبات میں مصروف ہیں اس موقع پر نیشنل گارڈز کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روزامریکی شہر لاس ویگاس کی یونیورسٹی میں فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا تھا، پولیس کے مطابق امریکی یونیورسٹی آف نیواڈا کے لاس ویگاس کیمپس میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث شخص بھی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

مزید خبریں :