تھریڈز پوسٹس میں ہیش ٹیگز کا استعمال اب ممکن

تھریڈز میں ہیش ٹیگز کو ٹیگز کا نام دیا گیا ہے / فوٹو بشکریہ میٹا
تھریڈز میں ہیش ٹیگز کو ٹیگز کا نام دیا گیا ہے / فوٹو بشکریہ میٹا

میٹا کی جانب سے ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) کے مقابلے پر متعارف کرائے جانے والے سوشل نیٹ ورک تھریڈز میں ایک بڑی اپ ڈیٹ کی گئی ہے۔

تھریڈز میں ایکس کے اہم ترین فیچر ہیش ٹیگ کا اضافہ کیا گیا ہے جسے ٹیگز کا نام دیا گیا ہے۔

تھریڈز میں ہیش ٹیگ کا آئیکون پوسٹ میں نظر نہیں آئے گا یا یوں کہہ لیں کہ ٹیگز ہیش آئیکون سے محروم ہوں گے۔

کمپنی کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش نومبر سے کی جا رہی تھی اور اب اسے دنیا بھر میں متعارف کرا دیا گیا ہے۔

روایتی ہیش ٹیگز کے برعکس تھریڈز میں صارفین اسپیس والے پورے جملے کے لیے بھی ٹیگز کو استعمال کرسکتے ہیں۔

البتہ ایک پوسٹ میں صرف ایک ٹیگ کرنا ممکن ہوگا۔

صارفین پوسٹ میں موجود ٹیگ کو کلک کرکے اس سے متعلق دیگر پوسٹس دیکھ سکیں گے۔

تھریڈز میں ٹرینڈنگ سیکشن موجود نہیں مگر جب آپ پوسٹ کرنے کے لیے ٹیگ بٹن پر کلک کریں گے تو چند مقبول ٹیگز کو دیکھ سکیں گے۔

تھریڈز میں یہ اپ ڈیٹ اس وقت کی گئی ہے جب گزشتہ دنوں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ تھریڈز کی مقبولیت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید خبریں :