Time 25 اگست ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

تھریڈز کا ویب ورژن آخرکار پیش کر دیا گیا

تھریڈز ایپ کو جولائی میں متعارف کرایا گیا تھا / فوٹو بشکریہ میٹا
تھریڈز ایپ کو جولائی میں متعارف کرایا گیا تھا / فوٹو بشکریہ میٹا

میٹا کے نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز کا ویب ورژن آخرکار تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

میٹا کی جانب سے رواں ہفتے کے شروع میں تھریڈز کے ویب ورژن کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے 24 اگست کو تھریڈز پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ اب ویب ورژن تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

مگر اب بھی تمام صارفین اسے اوپن کرنے سے قاصر ہیں ممکنہ طور پر ایک یا 2 روز تک دنیا بھر میں اسے استعمال کرنا ممکن ہو جائے گا۔

ایکس (ٹوئٹر) کے مقابلے پر متعارف کرائے جانے والی تھریڈز ایپ کے اس فیچر کا مطالبہ صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ کیا جا رہا تھا۔

یہ ویب ورژن دیکھنے میں موبائل ایپ جیسا ہی نظر آتا ہے مگر معمولی فرق بھی موجود ہے، جیسے فار یو اور فالوونگ فیڈز پر سوئچ کرنے کے لیے ویب ورژن پر بائیں جانب نیچے بٹن دیا گیا ہے۔

مگر فی الحال ویب ورژن میں موبائل ایپ جیسے تمام فیچرز موجود نہیں۔

خیال رہے کہ جولائی کے آغاز میں تھریڈز کو متعارف کرایا گیا تو ایک ہفتے کے اندر اس کے صارفین کی تعداد 10 کروڑ سے زیادہ ہوگئی تھی۔

مگر اگست کے وسط تک تھریڈز کے روزانہ متحرک صارفین کی تعداد میں 80 فیصد کمی آئی تھی۔

تھریڈز کا ویب ورژن اس وقت متعارف کرایا جا رہا ہے جب ایکس کی جانب سے ٹوئٹ ڈیک تک رسائی ماہانہ فیس سے مشروط کر دی گئی ہے۔

البتہ کمپنی کی جانب سے تھریڈز میں ڈائریکٹ میسج فیچر کا اضافہ نہیں کیا جائے گا، البتہ پوسٹ ایڈٹ کرنے کا فیچر ضرور جلد متعارف کرانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :