Time 08 دسمبر ، 2023
پاکستان

اشتہاری ملزم عادل فاروق راجہ کی جائیداد نیلام کرنے کی کارروائی شروع

پنڈی پولیس نے عادل فاروق راجہ کی جائیداد نیلامی کی درخواست عدالت میں جمع کرا دی
پنڈی پولیس نے عادل فاروق راجہ کی جائیداد نیلامی کی درخواست عدالت میں جمع کرا دی

راولپنڈی پولیس نے ملک دشمن قرار دیے جانے والے اشتہاری ملزم عادل فاروق راجہ کی جائیداد نیلامی کیلئے عدالت سے اجازت طلب کرلی۔

 پولیس نے سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ ممتاز ہنجرا کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اشتہاری ملزم عادل فاروق راجہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 406 کے تحت گزشتہ سال 28 جون کو درج مقدمہ نمبر 848 میں نامزد ملزم ہے جس کے خلاف چالان بھی عدالت میں جمع ہو چکا ہے لیکن ملزم کی مسلسل روپوش ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اشتہاری ملزم عادل فاروق راجہ کی عدم حاضری اور روپوشی پر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 88 کے تحت رواں سال 8 مارچ کو ملزم کی جائیداد قرق ہو چکی ہے لہٰذا ملزم کی ملکیتی مکان، پلاٹ اور گاڑیوں کی نیلامی کی اجازت دی جائے۔

پولیس کی درخواست میں راجہ عادل فاروق کی جائیداد کی تفصیلات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ تھانہ نصیر آباد پولیس نے رتہ امرال کے رہائشی کی مدعیت میں گزشتہ سال جون میں مقدمہ درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ عادل فاروق راجہ اور عمر زمان نے 2 افراد کو یورپ بھجوانے کیلئے 35 لاکھ روپے میں ڈیل کی۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ڈیل ہونے پر 25 لاکھ ایڈوانس دیے جبکہ باقی 10 لاکھ کام مکمل ہونے پر ادا کرنے تھے لیکن مذکورہ دونوں افراد نے نہ تو یورپ بھجوایا اور نہ ہی رقم واپس کر رہے ہیں۔

عادل فاروق راجہ کے خلاف انسانی اسمگلنگ، زمینوں پر قبضے اور گاڑیوں کی خریدو فروخت میں شہریوں سے فراڈ کے مختلف مقدمات تھانہ روات، تھانہ نصیر آباد اور تھانہ پیرودھائی میں درج ہیں۔

خیال رہے کہ 25 نومبر کو پاک فوج نے 2 ریٹائرڈ افسران عادل فاروق راجہ اور حیدر رضا مہدی کو سزا سنائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ریٹائرڈ افسران کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنائی گئی، دونوں ریٹائرڈ افسران کا پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں ریٹائرڈ افسران کو فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے جرم میں سزا سنائی گئی، عدالت نے 7 اور 9 اکتوبر 2023 کو دونوں ریٹائرڈ افسران کو مجرم قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر ریٹائرڈ عادل فاروق راجہ کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سزاکے تحت 21 نومبر 2023 سے دونوں ریٹائرڈ افسران کے رینک ضبط کر لیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :