Time 09 دسمبر ، 2023
دنیا

لائیو نشریات میں نامناسب اشارہ کرنے پر بی بی سی کی نیوز اینکر نے معافی مانگ لی

جیسے ہی مریم کو احساس ہوا کہ وہ لائیو ہیں انہوں نے فوراً ہاتھ نیچے کیا اور ناظرین کو خوش آمدید کہا__فوٹو: اسکرین گریب
جیسے ہی مریم کو احساس ہوا کہ وہ لائیو ہیں انہوں نے فوراً ہاتھ نیچے کیا اور ناظرین کو خوش آمدید کہا__فوٹو: اسکرین گریب

لائیو نشریات کے آغاز پر نامناسب اشارہ کرنے والی نیوز اینکر مریم مشیری نے اپنے عمل کی معافی مانگتے ہوئے وضاحت پیش کردی۔

برطانوی خبر رساں ادارے سے منسلک نیوز اینکر مریم مشیری کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ لائیو نشریات کے آغاز پر ہاتھ کی انگلی سے غیر اخلاقی اشارہ کررہی تھیں۔

جیسے ہی مریم کو احساس ہوا کہ وہ لائیو ہیں انہوں نے فوراً ہاتھ نیچے کیا اور ناظرین کو خوش آمدید کہا۔

ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اینکر پر سخت تنقید کررہے تھے جس کے بعد اب مریم مشیری نے  سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر وضاحتی پیغام کے ساتھ معذرت کی اور سارا واقعہ بیان کیا ہے جو کہ دراصل ایک ذاتی نوعیت کا مذاق تھا جو  اسکرین پر غلطی سے نظر  آگیا۔

مریم نے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں کنٹرول روم میں بیٹھی اپنی ٹیم کے ساتھ مذاق کررہی تھی، لائیو نشریات کے آغاز پر کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوا تو میں اپنے ہاتھ کی انگلیوں پر گِن رہی تھی کہ اتنے میں ہم آن ائیر چلے گئے۔

خاتون اینکر کے مطابق انہیں جلد ہی احساس ہو گیا تھا کہ وہ لائیو ہیں جس پر انہوں نے فوراً ہی اپنا ہاتھ کھینچتے ہوئے سابق برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن کے بارے میں شہ سرخیاں پڑھنا شروع کر دی تھیں۔

مریم نے مزید بتایا کہ ٹی وی پر لائیو آنے سے پہلے وہ اور ان کی ٹیم کے درمیان مذاق چل رہا تھا تاہم بالکل آخری وقت پر اس مذاق کا کچھ حصہ لائیو ٹی وی پر چلا گیا۔

نیوز اینکر نے اپنے اس مذاق کو بیوقوفانہ قرار دیا اور ساتھ ہی لکھا کہ میں ان سب سے معذرت خواہ ہوں جنہیں میرے اس عمل سے تکلیف پہنچی۔

مزید خبریں :