اداکار احمد علی اکبر جلد وِلن کے کردار میں نظر آنے والے ہیں؟

90ء کی دہائی سے ایکٹنگ کا آغاز کرنے والے اداکار احمد علی اکبر نے ڈرامہ اسکرین سے شہرت اور محبت دونوں ہی وصول کیں اور ان کا کردار ’پری زاد‘ ناظرین میں بہت مقبول ہوا۔

جیو ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں اداکار نے اپنے یادگار کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پری زاد اور میری بہت سی چیزیں ملتی جلتی ہیں وہ بھی شرمیلا تھا میں بھی بچپن میں ایسا ہی تھا، اس نے بھی پیانو سیکھا میں نے بھی ایک چھوٹے سے پیانو پر میوزک سیکھا، وہ بھی شاعر مزاج تھا اور میں بھی ایسا ہی ہوں۔

اداکار نے بتایا کہ ایک چیز ایسی ہے جو میرے کردار نے اور میں نے ساتھ محسوس کی اور وہ ہے شہرت، اس وقت شوٹنگ چل رہی تھی جیسے جیسے پری زاد مشہور ہورہا تھا ویسے ہی میں بھی شہرت کی سیڑھیاں چڑھ رہا تھا، اس کردار نے مجھے لوگوں کا پیار دیا ہے  جس سے اچھی چیز کوئی ہو ہی نہیں سکتی۔

احمد علی اکبر نے اپنے کرداروں پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں اسکرپٹس کے معاملے میں خوش قسمت رہا ہوں، میں جو بھی کردار کرتا ہوں چاہے روایتی ہوں یا غیر روایتی سوچ کر نہیں کرتا، اگر مجھے کہانی اچھی لگتی ہے تو میں ڈائریکٹر کے ساتھ اپنے کردار کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔

کیا  ’وِلن‘ کا کردار کریں گے؟

احمد نے کہا کہ میں ضرور کروں گا بلکہ ایک پروجیکٹ پر ابھی بات چیت چل رہی ہے، ہوسکتا ہے ناظرین مجھے منفی کردار میں دیکھیں لیکن ایسا جلد نہیں ہونے والا، وقت لگے گا۔

سال 2019 میں احمد علی اکبر فلم لال کبوتر میں نظر آئے تھے جس کے 4 سال بعد وہ دوبارہ بڑے پردے پر آنے کو تیار ہیں اور وہ رواں ماہ 15 دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’گنجل‘ میں صحافی کے کردار میں نظر آئیں گے، اس فلم کے لیے احمد علی اکبر کا انتخاب ’پری زاد‘ کی شوٹنگ کے دوران کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے اداکار نے بتایا کہمجھے پری زاد کی شوٹنگ کے دوران شعیب سلطان کی کال آئی، ایک ریسٹورینٹ میں ان سے ملاقات کی تو مجھے ان سے مل کر اچھا محسوس ہوا لیکن پہلی چیز موضوع تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اقبال مسیح پر فلم بنانا چاہ رہے ہیں، یہ سنتے ہی ذہن میں خیال آیا کہ ہمیں اپنے ہیروز کو سیلیبریٹ کرنا چاہیے کیونکہ فلم ایک سنجیدہ مسئلے پر تھی، میں نے ان سے کہا کہ میں اسکرپٹ پڑھنا چاہوں گا، ان کی بھیجی اسکرپٹ مجھے بہت پسند آئی اور پری زاد کی شوٹنگ کے بعد یہ سلسلہ شروع ہوگیا۔

فلم گنجل 1990 میں چائلڈ لیبر کے خلاف تحریک چلانے والے چائلد ایکٹویسٹ اقبال مسیح کی کہانی ہے جس کے ہدایت کار شعیب سلطان ہیں جب کہ کاسٹ میں اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس، ریشم، احمد علی بٹ، عمیر رانا اور ارحم خان و دیگر شامل ہیں۔