Time 10 دسمبر ، 2023
دنیا

اسرائیلی حملوں میں 47 ایتھلیٹ بھی شہید ہو چکے: فلسطین اولمپک کمیٹی

7 اکتوبر سے اب تک شہدا کی تعداد 18 ہزار کے قریب پہنچ گئی جبکہ زخمی افراد کی تعداد 48 ہزار سے بڑھ گئے/فائل فوٹو
7 اکتوبر سے اب تک شہدا کی تعداد 18 ہزار کے قریب پہنچ گئی جبکہ زخمی افراد کی تعداد 48 ہزار سے بڑھ گئے/فائل فوٹو

اسرائیلی طیاروں نے خان یونس، رفح، بیت لاھیا پر بمباری کرکے 24 گھنٹوں میں مزید 133 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

غزہ کے رہائشی علاقوں  خان یونس، رفح، بیت لاھیا میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں اور ہزاروں فلسطینی اسرائیلی بموں سے تباہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہیں۔

اس حوالے سے فلسطینی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ملبے تلےدبے فلسطینیوں کو نکالنے میں شدید دشواریاں ہیں، ایندھن کی کمی سے شہری دفاع کے پاس اب صرف ایک گاڑی قابل استعمال ہے۔

ادھر اسرائیل نے خان یونس سے فلسطینیوں کے جبری انخلا کے منصوبے کے تحت علاقہ خالی کرنے کی بھی دھمکی دے دی ہے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی حملوں میں شدت سے غذا کا بحران سنگین ہونے لگا ہے جبکہ امدادی سامان اور ایندھن کی غزہ تک رسائی بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

دوسری جانب فلسطینی اولمپک کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 47 فلسطینی ایتھلیٹ بھی شامل ہیں۔

واضح رہے 7 اکتوبر سے اب تک شہدا کی تعداد 18 ہزار کے قریب پہنچ گئی جبکہ زخمی افراد کی تعداد 48 ہزار سے بڑھ گئے، غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں 8000 سے زائد بچے شامل ہیں۔


مزید خبریں :