Time 10 دسمبر ، 2023
پاکستان

ایک جیل سے نکلنے دوسرا بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا، کوئی ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتا: بلاول

ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں، بے روزگاری، مہنگائی اور غربت سے ہے: چیئرمین پیپلز پارٹی۔ اسکرین گریب
ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں، بے روزگاری، مہنگائی اور غربت سے ہے: چیئرمین پیپلز پارٹی۔ اسکرین گریب

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے ایک جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے۔

کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا قوم کو بتانا پڑے گا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے قتل میں کون ملوث تھا، بھٹو کے عدالتی قتل کے سہولت کار کون تھے، جنرل ضیا سے لیکر، ججز، وکیلوں اور سیاستدانوں سمیت جو بھی سہولت کار تھے وہ اس ملک کے مجرم ہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے امید رکھتے ہیں کہ وہ اپنے ادارے پر لگے خون کے دھبّے اپنے ہاتھوں سے دھوئیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ہمیں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کا فیصلہ ہو چکا ہے اس لیے یہاں ورکرز کنونشن نہ کریں، سیاستدانوں کے الیکشن لڑنے کے مقاصد ذاتی ہیں، الیکشن میں کوئی کھلاڑی اور نہ کوئی اور ہمارا مقابلہ کر سکتا ہے، ایک الیکشن اس لیے لڑ رہا ہے کہ جیل سے نکل جائے اور دوسرا اس لیے لڑ رہا ہے کہ جیل سے بچ جائے لیکن میں عوام کے مسائل کےحل کیلئے الیکشن لڑ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا ہم صرف عوام کیلئے الیکشن لڑ رہے ہیں کیونکہ ہمارے قائد نے سکھایا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہم روایتی تقسیم کی سیاست کو دفن کرکے خدمت کی سیاست کا آغاز کریں گے، ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں، بے روزگاری، مہنگائی اور غربت سے ہے۔

مزید خبریں :