18 جنوری ، 2013
لاہور…پیپلز پارٹی نے جہاں علامہ طاہر القادری سے معاہدہ طے پانے کو خوش آئند قرار دیا وہیں اپوزیشن کی بڑی جماعت مسلم لیگ ن اور جے یو پی نے معاہدے کے مندرجات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ حکومتی اتحاد اور ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان اتفاق رائے سے جمہوریت جیت گئی اور بے نظیر بھٹو کے میثاق جمہوریت پر عملدرآمد ہوگیا۔ اپوزیشن جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں کہ انھوں نے ملک میں جمہوریت پر ایک مضبوط موقف اختیار کیا۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ لانگ مارچ اندھی تقلید کرنے والوں کے استحصال کابدترین مظاہرہ تھا، یہ گملے توڑنے کے لئے نہیں بلکہ آئین اورجمہوری نظام توڑنے کے لئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں بچوں کو ناموافق ماحول میں احتجاج کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کرنے والوں کو حکومت گرفتار کرلیتی ہے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل زوار بہادر نے کہا کہ زرداری کو طاہر القادری سے اتحاد مبارک ہو مگر وہ جواب دیں کہ پانچ دن کی مصیبت کے بعد کارکنوں اور قوم کوکیا حاصل ہوا۔