11 دسمبر ، 2023
اداکارہ اشنا شاہ سمیت بھارتی اداکارہ گوہر خان اور متعدد سوشل میڈیا صارفین نے مشہور انٹرنیشنل فیشن برانڈ 'زارا' کو اس کے غیر حساس فوٹو شوٹ پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اپنی بے باک طبیعت اور ہر معاملے میں آواز اٹھانے والی اشنا شاہ نے زارا کے حالیہ فوٹو شوٹ پر ردعمل دیتے ہوئے سوال کیا کہ ان افراد کو جن کے پاس زارا برانڈ کے کپڑے ہیں، کیا انہیں تمام کپڑے پھینک دینے چاہئیں؟
اداکارہ کی جانب سے برانڈ کی حالیہ مہم کی مذمت کی گئی اور سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کی،اشنا نے لکھا 'کیا ہمیں زارا کے پہلے سے موجود کپڑے پھینک دینے چاہئیں یا نئے نہیں خریدنے چاہئیں؟'
انہوں نے کہا 'چونکہ ان کے کپڑوں پر ان کے برانڈ کا نام نہیں ہوتا، تو میرا نہیں خیال ان کے جو کپڑے ہمارے پاس پہلے سے موجود ہیں انہیں پھینک دینا چاہیے'۔
ساتھ ہی اداکارہ نے لکھا 'ظاہر ہے، ان کے برانڈ سے دوبارہ کپڑے قطعاً نہیں خریدوں گی'۔
اشنا شاہ نے بائیکاٹ زارا کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا جو کہ اس وقت پاکستان میں ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔
بائیکاٹ زارا ٹرینڈ کیوں کررہا ہے؟
اداکارہ کی یہ ٹوئٹ اس وقت سامنے آئی جب زارا کا فوٹو شوٹ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنا جو کہ انتہائی حساس نوعیت کا تھا، اس شوٹ میں مبینہ طور پر مسلمانوں کے کفن دفن کی طرح سفید کپڑے میں لپٹی ہوئی چھوٹی لاشوں کو دکھایا گیا ہے، اس کے علاوہ اس فوٹو شوٹ میں فلسطینیوں کی بے بسی کی صورتحال کو دکھایا گیا ہے۔
اس میں ملبے کا ڈھیر، گمشدہ اعضاء کے مجسمے وغیرہ دکھائے گئے جس نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کردیا ہے، لوگ اسے دیکھ کر شدید غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں۔
تاہم اس کے بعد سے برانڈ نے بظاہر اس تصویر کو حذف کردیا ہے جس میں ایک ماڈل کو اپنے کندھوں پر ایک لاش نما پتلا اٹھائے ہوئے دکھایا گیا تھا، سفید کپڑے میں لپٹی ہوئی لاش، جس طرح فلسطینی ماؤں کو کفن میں لپیٹ کر دفن کرنے سے پہلے اپنے مردہ بچوں کو گلے لگاتے دکھایا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر مذکورہ فوٹو شوٹ کی مذمت:
اشنا شاہ کے علاوہ اداکارہ مشی خان نے بھی زارا برانڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے کپڑے دوبارہ تاحیات نا خریدنے کا عہد کیا۔
مشی نے کہا کہ ان لوگوں کو معصوم فلسطینیوں کا تمسخر اڑانے پر شرم آنی چاہیے۔
دوسری جانب الیگزینڈر نامی صارف نے اس فوٹو شوٹ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا 'میں انتہائی حیران ہوں کہ فلسطین میں لوگوں کی نسل کشی کو یہ لوگ اپنی مہم کے لیے استعمال کر رہے ہیں؟ میں کبھی، کبھی بھی زارا سے کچھ نہیں خریدوں گا'۔
صارف نے مزید کہا 'یہ ظالمانہ، سنگدل اور بری بات ہے، 20 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا مذاق اڑانے والی مہم جوئی؟'
اس کے علاوہ اس فوٹو شوٹ پر بھارتی اداکارہ گوہر خان جو کہ گزشتہ کئی روز سے فلسطین کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں، انہوں نے بھی ردعمل دیا اور زارا کے مصدقہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر کے نیچے کمنٹ کیا۔
گوہر نے لکھا 'آپ کو شرم آنی چاہیے'، ساتھ ہی اداکارہ نے 'فری فلسطین' کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
پاکستانی ماڈل و اداکارہ رحمت اجمل نے بھی اس کیمپین کو بدترین، اور پاگل پن قرار دیا۔