Time 11 دسمبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

ناقدین کی جانب سے 'آنٹی' کہنے پر ندا یاسر کا ردعمل

مجھے آج کل لال رنگ بہت پسند آرہا ہے اور میں پہن رہی ہوں، اپنی عمر کو انجوائے کررہی ہوں: میزبان کی پروگرام میں گفتگو__فوٹو: فائل
مجھے آج کل لال رنگ بہت پسند آرہا ہے اور میں پہن رہی ہوں، اپنی عمر کو انجوائے کررہی ہوں: میزبان کی پروگرام میں گفتگو__فوٹو: فائل

پاکستان کی معروف مارننگ شو ہوسٹ اور اداکارہ ندا یاسر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اس عمر سے محظوظ ہورہی ہیں۔

حال ہی میں میزبان شائستہ لودھی کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ندا یاسر نے خود پر ہونے والی تنقید سمیت کیرئیر اور مارننگ شو سے متعلق بات چیت کی۔

میزبان شائستہ نے سوال کیا کہ 'ہمارے یہاں ایسی ذہنیت پائی جاتی ہے کہ لوگ دیکھ کر کہتے ہیں ارے یہ تو آنٹی ہوگئی ہے، ان کی عمر ہوگئی ہے پھر بھی سرخ رنگ پہنتی اور سرخ لپ اسٹک لگاتی ہیں، نو عمر لڑکیوں کی طرح کپڑے پہنتی ہیں اور تیار ہوتی ہیں'۔

جواب میں ندا نے کہا 'میں تو اپنی اس عمر کو بہت انجوائے کررہی ہوں جس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے زندگی میں بہت محنت کی ہے، میں نے 19 سال کی عمر میں کام شروع کیا، جب ہم کم عمر تھے جب تو اپنی دنیا بنانے کے لیے قطرہ قطرہ جمع کررہے تھے، ہر طرف سے پیسہ بچاتے تھے کہ گھر بنانا ہے، گاڑی لینی ہے'۔

ندا یاسر نے کہا 'اس زمانے میں نہ تو خود کو کبھی وقت دیا نہ کوئی مہنگی کریم خریدی، بس منہ دھولیا کرتے تھے، آہستہ آہستہ جب وقت گزرا اور ہمیں محنت کا صلہ ملنا شروع ہوا، تمام ذمہ داریاں پوری ہوگئیں تب خود کو شیشے میں دیکھا اور کہا چلو اب خود کو وقت دیتے ہیں'۔

انہوں نے کہا 'جو لوگ کہتے ہیں کہ اتنی سرجریاں کروالی وغیرہ، ہم نے اب خود کو وقت دینا شروع کیا ہے، خود پر توجہ دے رہے ہیں، اب ہمیں سمجھ آیا کہ اسکرین پر کیسے کپڑے پہننے اور کیسا میک اپ کرنا چاہیے'۔

گفتگو کے دوران ندا نے کہا 'مجھے آج کل لال رنگ بہت پسند آرہا ہے اور میں پہن رہی ہوں، میری امی بھی ایسی تھیں، شروع میں وہ بھی منہ دھو کر بس اسکرین پر چلی جایا کرتی تھیں لیکن جب ان کی عمر زیادہ ہوئی تب انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ خود پر توجہ دی جائے، انہوں نے بھی اورنج، لال رنگ کے کپڑے پہنے، میری بھی وہ ہی ذہنیت ہے'۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر اکثر صارفین کی جانب سے ندا یاسر کے میک اپ اور لباس کے انتخاب کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

مزید خبریں :