Time 12 دسمبر ، 2023
کھیل

’آزادی سب کا حق اور تمام زندگیاں برابر ہیں‘، عثمان خواجہ کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منفرد انداز اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔  

آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14 دسمبر سے ہوگا ،سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

ٹیسٹ سیریز کے لیے جہاں دونوں ٹیمیں بھرپور تیاری میں مصروف ہیں وہیں آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فلسطینی عوام سے منفرد انداز سے اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عثمان خواجہ فلسطینیوں کی حمایت میں کافی آواز اٹھاتے رہے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے اسرائیلی جنگ کی مذمت کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی۔

عثمان نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سے قبل ایسےجوتے پہن کر ٹریننگ کی جس پر فلسطینی عوام سے ہمدری کے نعرے درج تھے۔—فوٹو: ایکس
عثمان نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سے قبل ایسےجوتے پہن کر ٹریننگ کی جس پر فلسطینی عوام سے ہمدری کے نعرے درج تھے۔—فوٹو: ایکس

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق عثمان خواجہ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل ایسےجوتے پہن کر ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کی جس پر فلسطینی عوام سے ہمدری کے نعرے’آزادی سب کا حق ہے‘ اور ’تمام زندگیاں برابر ہیں‘ درج تھے۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ یہی جوتے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بھی پہنیں گے۔

آئی سی سی کے قوائد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ عثمان خواجہ مبینہ سیاسی پیغام والے جوتے پہن سکیں گے یا نہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے مطابق کھلاڑیوں اور ٹیم کے عہدیداروں کو آرم بینڈ، لباس کو پہننا یا کسی بھی سامان پر ایسی کسی بھی چیز کو ڈسپلے کرنے کی اجازت نہیں جس پر سیاسی، مذہبی یا نسلی پیغام درج ہو۔

2014 میں انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی کو بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران 'غزہ کو بچاؤ 'اور 'فلسطین کو آزاد کرو' درج جملے والے کلائی پر پہنے بینڈ اتارنے کاکہا گیا تھا۔ 

مزید خبریں :