13 دسمبر ، 2023
اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا مختصر تحریری فیصلہ ایک صفحے پر مشتمل ہے جو چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب نے جاری کیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور کی جاتی ہے، نواز شریف کی اپیل منظور کرنے کی وجوہات تفصیلی فیصلے میں جاری ہوں گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت کا نواز شریف کو سزا سے متعلق 24 دسمبر 2018 کا فیصلہ کالعدم قرار دی جاتی ہے اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو تمام الزامات سے بری کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو گزشتہ روز العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس سے بری کیا تھا۔