Time 13 دسمبر ، 2023
جرائم

کراچی: نامعلوم افراد نے خود کو حساس ادارے کا اہلکار بتا کر نوجوان کو گاڑی سمیت اغوا کرلیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی میں نامعلوم افراد نے خود کو حساس ادارے کا اہلکار بتا کر نوجوان کو گاڑی سمیت اغوا کرلیا۔

پولیس کے مطابق سائٹ سپر ہائے وے تھانے کی حدود سے نوجوان کو اغوا کیا گیا ، مغوی نوجوان کے والدہ کی مدعیت میں اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ گلشن معمار میں اپنا پلاٹ بیچنے کے لیے آن لائن اشتہار دیا تھا، کامران پاشا نام کے شخص کی بیٹے مجتبٰی سے ڈیل فائنل ہوئی،  گزشتہ روز کامران اور اس کا ساتھی ہمارے گھر نارتھ ناظم آباد آئے، پلاٹ کی ڈیل کے لیے علاقے میں اسٹامپ پیپر نہیں ملا تو وہ لوگ چلے گئے، کچھ دیر بعد کامران  نے کال کی اور کہا کہ ہماری گاڑی فیملی لے گئی ہے، آپ اپنی گاڑی میں میرے گھر معمار چلیں۔

مقدمہ کے متن کے مطابق کامران نے کہا کہ ایگریمنٹ میرے گھر پر ہے،  آپ اس پر دستخط کریں اور ٹوکن بھی لے لیں،  میں اپنی گاڑی میں بیٹے مجتبٰی اور اسامہ ان لوگوں کے ساتھ معمار روانہ ہوا، گاڑی میں پلاٹ کی اوریجنل فائل بھی موجود تھی، جب رات 11 بجے کے قریب احسن آباد روڈ پر پہنچے تو  وہاں پر کامران پاشا نے پستول نکال لی اور کہا کہ وہ حساس ادارے کا اہلکار ہے، پھر انہوں نے اسلحہ کے زور پر پلاٹ کی فائل، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔

مقدمہ میں کہا گیا ہے ہمیں جمالی پل کے قریب گاڑی سے اتار کر ملزمان مجتبٰی کو لے کر فرار ہوگئے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں ، جائے وقوعہ کی جیو فینسگ کروائی جاری ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق متاثرہ فیملی نے تیموریہ تھانے کی حدود سے دو افراد کو گاڑی میں بیٹھایا، جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی حاصل کر رہے اور واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :