15 دسمبر ، 2023
ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک حیرت انگیز منصوبوں کے لیے جانے جاتے ہیں۔
مگر اب وہ جس منصوبے پر کام کر رہے ہیں وہ حیرت انگیز تو نہیں مگر کسی نے تصور نہیں کیا ہوگا کہ ایلون مسک ایسا بھی کر سکتے ہیں۔
ایلون مسک ایک یونیورسٹی قائم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں ایلون مسک ایک نئی یونیورسٹی کھولنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
ٹیکس دستاویزات سے معلوم ہوا کہ ایلون مسک نے اس مقصد کے لیے 10 کروڑ ڈالرز اپنے فلاحی ادارے دی فاؤنڈیشن کو عطیہ کیے ہیں۔
اس عطیے سے آسٹن میں ایک پرائمری و سیکنڈری اسکول کھولا جائے گا جسے بعد میں یونیورسٹی کی شکل دی جائے گی۔
دی فاؤنڈیشن کے مطابق اس اسکول اور یونیورسٹی کا نصاب روایتی مضامین کے ساتھ ساتھ غیر روایتی طریقہ تعلیم پر مبنی ہوگا۔
ابتدائی طور پر اسکول میں 50 طالبعلموں کو میرٹ پر داخلہ دیا جائے گا۔
ٹیکس دستاویزات کے مطابق اس اسکول میں مالی مشکلات کو طالبعلموں کے لیے رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا، اگر کسی غریب طالبعلم کو ضرورت ہوگی تو اس کے اخراجات اسکول کو دستیاب وسائل سے پورے کیے جائیں گے۔
دستاویزات میں بتایا گیا کہ اسکول کے اخراجات عطیات اور ٹیوشن فیس سے پورے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک 2020 میں ٹیکساس منتقل ہوئے تھے اور 2021 میں انہوں نے ٹیسلا کا ہیڈ کوارٹر بھی کیلیفورنیا سے آسٹن منتقل کر دیا تھا۔
ان کی کمپنی اسپیس ایکس کا ایک آزمائشی مرکز بھی ٹیکساس میں ہی کام کر رہا ہے۔