15 دسمبر ، 2023
لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جمع کرائی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان نے جیل سے آراوز اور ڈی آر اوز کی تعیناتی کو چیلنج کرنےکا کہا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ عمیر نیازی نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل ملاقات کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی اور عمیر نیازی کی جانب سے ابوذر سلمان نیازی لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم نامے پر سلمان ابوذرنیازی کو عمران خان نے شاباش دی۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر نے عمیر نیازی کی درخواست کوپارٹی کا فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ درخواست پی ٹی آئی نے دی اور ہم اسے اون کرتے ہیں۔
ابوذر سلمان نیازی کا کہنا تھاکہ عمران خان،کور کمیٹی کے حکم پرلاہورہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا ڈپٹی کمشنرز کے بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کا فیصلے پر عملدرآمد روک دیا اور الیکشن کمیشن کو آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے درخواست گزار عمیر نیازی کو نوٹس جاری کردیا۔