17 دسمبر ، 2023
غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق شمالی لندن میں احتجاجی ریلی کے دوران مظاہرین اسرائیلی سفیر کے گھر کے سامنے پہنچ گئے جہاں انہوں نے فلسطین آزاد کرو اور غزہ میں جنگ بند کرو کے نعرے لگائے۔
سوئیڈن میں بھی فلسطین کے حق میں احتجاج کیا گیا اور دارالحکومت اسٹاک ہوم میں فلسطینی پرچم تھامے سینکڑوں افراد کی جانب سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔
اسپین میں بچوں اور بڑوں کی بڑی تعداد نے پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیا اور اسرائیلی فوج کی سفاکیت کا شکار غزہ کے بچوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ سے برطانوی نمائندے کی غیر حاضری پر اسکاٹش نیشنل پارٹی کے رہنما اسٹیفن فلین نے وزیراعظم رشی سونک کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہمارے ساتھی ممالک نے بہادری کے ساتھ جنگ بندی کیلئے ووٹ دیا لیکن برطانیہ بے شرمی سے ووٹنگ سے غیر حاضر رہا۔
اسٹیفن فلین نے برطانوی وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم بمباری سے مرتے ہوئے غزہ کے ان بچوں کیلئے اپنا کرسمس پیغام شیئر کر سکتے ہیں؟