Time 17 دسمبر ، 2023
دنیا

الجزیرہ کا فلسطین میں اپنے صحافی کے قتل پر عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

کیمرہ مین ثمرابوداقہ کےقتل کا معاملہ ہیگ کی عدالت بھجوانے کیلئے قانونی ٹیم کو ہدایت کردی: الجزیرہ: فوٹو سوشل میڈیا
کیمرہ مین ثمرابوداقہ کے'قتل' کا معاملہ ہیگ کی عدالت بھجوانے کیلئے قانونی ٹیم کو ہدایت کردی: الجزیرہ: فوٹو سوشل میڈیا

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے فلسطین میں اپنے صحافی کے قتل پر عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسرائیل نے غزہ میں اپنی جارحیت جاری رکھی ہوئی ہے اور گزشتہ روز خان یونس میں فضائی حملے میں الجزیرہ کا کیمرامین ثمر ابوداقہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوگیا تھا۔

 الجزیرہ کے کیمرامین ثمر ابوداقہ کے ساتھ الجزیرہ غزہ کے بیورو چیف وائل دحدود بھی زخمی ہوئے تھے جن کا پورا خاندان اکتوبر میں ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گیا تھا۔

الجزیرہ نے کہا کہ اپنے صحافی کے قتل پر عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کریں گے اور کیمرہ مین ثمرابوداقہ کے'قتل' کا معاملہ ہیگ کی عدالت بھجوانے کیلئے قانونی ٹیم کو ہدایت کر دی ہے۔

دوسری جانب عرب میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے مغربی کنارے کے نورالشمس مہاجر کیمپ پر حملہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد اسرائیلی فورسز  ایمبولینسوں کو مہاجر کیمپ جانے سے روک رہی ہیں جس کے سبب طبی امداد نہ پہنچنے پر  2 زخمی فلسطینی دم توڑ گئے۔

عرب میڈیا نے مزید بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے ایمبولینس کے اندر سے طبی عملے کے اہلکار کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک جاری اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 19 ہزار 76 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 50 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔


مزید خبریں :